مشکل وقت ضرور ہے ، عوام کی چیخیں بالکل نہیں نکلیں گی، اسد عمر

آئی ایم ایف سے معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں، آئی ایم ایف کے حکام رواں ماہ پاکستان آرہے ہیں،میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 16 مارچ 2019 14:57

مشکل وقت ضرور ہے ، عوام کی چیخیں بالکل نہیں نکلیں گی، اسد عمر
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2019ء) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہاہے کہ مشکل وقت ضرور ہے لیکن عوام کی چیخیں بالکل نہیں نکلیں گی۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ انسان غلطی کرتا ہے اور میں بھی غلطی کرتا ہوں، ایک بڑے اخبار نے میرے حوالے سے بیان جاری کیا کہ مہنگائی بڑھے گی اور عوام کی چیخیں نکل جائیں گی، میں نے یہ الفاظ نہیں کہے، اگر ایک سال میں بجلی اور گیس میں 600 ارب روپے کا خسارہ کریں تو خسارے کی رقم آصف زرداری یا میاں نواز شریف کے اکاؤنٹس سے آئے گا، مہنگائی ہے اور لوگ مشکل میں ہیں، مشکل وقت ضرور ہے لیکن عوام کی چیخیں بالکل نہیں نکلیں گی۔

اسد عمر نے کہا کہ آئی ایم ایف نے ہم سے کہا کہ مشکل اقدامات کریں، ہم نے اقدامات کیے ہیں، ہم آئی ایم ایف سے معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں، آئی ایم ایف کے لوگ اس ماہ پاکستان آرہے ہیں، میں بھی آئندہ ماہ آئی ایم ایف سے مذاکرات کرنے جارہا ہوں۔وزیر خزانہ نے کہا کہ بھارت نے بہت کوشش کی تھی کہ پاکستان کو بلیک لسٹ میں شامل جائے تاہم ایسا نہیں ہوسکا، پاک بھارت کشیدگی کے دوران اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں 80 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا، سی پیک پروجیکٹس میں سے ایک روپیہ بھی کم نہیں کیا جارہا ہے۔