پاکستان اسلام کے نام پر بنا مگر ایک دن کیلئے بھی ملک میں اسلام کو نافذ نہیں کیا گیا،محمد حسین محنتی

ہفتہ 16 مارچ 2019 17:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2019ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیرو سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا مگر ستر سال گذرجانے کے باوجود ایک دن کیلئے بھی ملک میں اسلام کو نافذ نہیں کیا گیا،ستر سال سے ملک پرمسلط کرپٹ وسیکولر حکمرانوں نے عوام کو کرپشن، مہنگائی،بیرونی قرضے اور محرومیوں کے سوا کچھ نہیں دیا، اسلام کا عادلانہ نظام اور دیانتدار قیادت ہی ملک کو ترقی کی طرف گامزن اور عوام کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے،عوام بلدیات سمیت آئندہ انتخابات میں اہل ودیانتدار لوگوں کو ووٹ دیکر کامیاب کریں تاکہ ان کی دنیا وآخرت کی کامیابی کے ساتھ ملک ترقی اور نوجوان نسل کا مستقبل محفوظ ہوجائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع بدین کے مقام شادی لارج اور نندو شہرمیں دعوت الی اللہ رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں منعقدہ عوامی اجتماعات سے خطاب کے دوران کیا، قبل ازیں انہوں نے مقامی کارکنان کے ہمراہ شادی لارج کے مین بازار کا گشت کرکے دکانداروں اور ریڑھی والوں سے ملاقات وجماعت اسلامی کی مہم سے آگاہ کیا جبکہ نندو ٹائون کمیٹی پیپلزپارٹی کے رہنمائوں چاچا وکیو ملاح،افتخار قمبرانی ، عمران انصاری اور مظہر علی،محمد رفیق بھرگڑی نے پیپلزپارٹی چھوڑکر اپنی برادری سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پررصوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا، ضلعی امیر مولانا غلام رسول احمدانی، جنرل سیکریٹری سیدعلی مردان شاہ،سلیم جونیجو،علی حسن ملاح سمیت مقامی رہنماء بھی موجود تھے۔محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی انقلاب اور جدوجہد کا نام ہے وہ کسی وڈیرے وجاگیر دار کی بجائے صرف اللہ کے حضور سجدہ ریزی کرتی ہے، ہم اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام اور بندوں کو بندوں کی غلامی سے نکال کر ایک اللہ کی بندگی اختیار کرنے کی دعوت اور جدوجہد کررہے ہیں۔وڈیرے اوران کے نمائندے منتخب ہونے کے بعد مسائل حل کرناتواپنی جگہ پر پانچ سال تک خیرخبر نہیں لیتے۔جماعت اسلامی حسب حال غریب عوام کی انسانیت کی خدمت کے جذبہ کے ساتھ اپنا فریضہ سرانجام دیتی رہے گی۔