نیوزی لینڈ میں مساجد پر ہونے والے بزدلانہ اور دہشت گرد حملے کی بحیثیت مسلمان اور حکومتی ذمہ دار پرمذمت کرتا ہوں،غلام سرور

ہفتہ 16 مارچ 2019 18:18

نیوزی لینڈ میں مساجد پر ہونے والے بزدلانہ اور دہشت گرد حملے کی بحیثیت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2019ء) وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے گزشتہ روز نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں نماز جمعہ کے دوران دو مساجد پر ھونے والی بزدلانہ دہشتگردی کی کارروائی اوراسکے نتیجہ میں 49 بیگناہ مسلمانوں کی شہادت کے واقعہ کی بھرپور انداز میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا میں خون مسلم بڑی بے دردی اور بے رحمی کیساتھ بہایا جا رہا ہے۔

ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ اس بربریت اور ظلم و ستم کے باوجود دہشتگردی کا لیبل صرف مسلمانوں کے حصے میں آنا ایک عالمی منصوبہ بندی اور مسلمانوں کے خلاف عظیم سازش کا نتیجہ ھے جو کہ گذشتہ 14 صدیوں سے جاری ہے۔غلام سرور خان نے کہا کشمیر سے فلسطین تک، روہنگیا سے لیکر لیبیا عراق اور شام تک دن رات مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیلی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

کہیں داعش کی صورت میں اور کہیں القاعدہ کی صورت میں مسلمانوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اب تک 70ہزارپاکستانی اہنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں مگر ستم ظریفی یہ ھے کہ پوری دنیا میں ایک مذموم سازش کے تحت مسلمانوں کو ہی دہشتگرد قرار دیا جا رہا ہے اور اس سب کے باوجود مسلم ممالک کے سربراہان کی مجرمانہ خاموشی باعث ذلت و رسوائی ھے جس پر ان لوگوں کو شرم آنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ یہودونصاری نے ہمیشہ مسلمانوں کو اپنی سازشوں کے ذریعے کبھی ذات پات اور کبھی فرقوں میں تقسیم کئے رکھا مگر آج ضرورت اس امر کی ہے کہ پوری دنیا کے مسلمان اپنی صفوں میں اتحاد قائم کریں تاکہ قوت ایمانی سے اپنے خلاف ہونے والی سازشوں کا بھر پور انداز میں مقابلہ کر سکیں۔