کراچی ،بلدیہ وسطی کے تحت فتح باغ میں پانچ روزہ پھولوں کی نمائش کا افتتاح

ہفتہ 16 مارچ 2019 19:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2019ء) بلدیہ وسطی کراچی ، نارتھ ناظم آباد بلاک ایف میں واقع فتح فیملی پارک میں پھولوں کی پانچ روزہ سالانہ نمائش کا انعقاد ۔ سو سے زائد دیسی اور ولائیتی اقسام کے پھولوں کی نمائش کا افتتاح چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے سابق رکن قومی اسمبلی و رکن رابطہ کمیٹی ایم کیو ایم پاکستان عبدالوسیم خان ،زاہد منصور ی کے ہمراہ کیا ۔

نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالوسیم خان نے کہا کہ پھولوں کی نمائش سے بہترکوئی پروگرام نہیں ،ضلع وسطی کے دیگر زون کے ساتھ یوسی سطح پر بھی پھولوں کی نمائش ہونی چاہئیے انہوں نے مزید کہا کہ ہر سال پھولوں کی نمائش کا انعقاد بلدیہ وسطی کی انفرادیت ہے جس کے لئے ریحان ہاشمی ، سید شاکر علی، بلدیہ وسطی کے محکمہٴ باغات اور ریحان ہاشمی کی ٹیم خراجِ تحسین کی مستحق ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پھولوں کی نمائش اس بات کا پیغام دیتی ہے کہ ہم اپنے شہر ، منی پاکستان ’’کراچی ‘‘میں امن قائم کرنے اور عوام کو مسرّت اور خوشی کے لمحات مہیاکرنے کے خواہاں ہیں۔ اس موقع پر چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے کہا کہ کراچی شہر کی رونقیں بحال ہونے پر قانون نافذ کرنے والے ادارے ،سیاسی جماعتوں کے شکرگزار ہیں ،ریحان ہاشمی نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے میچیز کراچی میں ہونا خوشی کی بات ہے ۔

انہوں نے کراچی کی نو ۹ اضلاع کی تقسیم پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم وسائل کی منصفانہ تقسیم کی بات کر رہے ہیں دوسری جانب پیپلز پارٹی شہر کو تقسیم کرنا چاہتی ہے ۔ایم کیو ایم انتظامی یونٹس کی بات کرتی ہے تو پیپلز پارٹی فورا غداری کے سرٹیفیکیٹ بانٹنے لگتی ہے ہم کسی صورت تعصب اور لوٹ مار کی خاطر شہر کی تقسیم نہیں کسی صورت قبول نہیں کریں گے ،سندھ گورنمنٹ ہوش کے ناخن لے اور عددی اکثریت کے ذریعے غیر اخلاقی و غیر قانونی اقدامات سے گریز کرے ۔

انہوں یونکہ بلدیاتی اداروں کی خدمات کا تعلق براہ راست شہریوں کی خدمت سے ہے اس لئے بلدیہ وسطی کی کوشش ہے کہ اپنے عوام کو بہتر سے بہتر بلدیاتی خدمات مہیاکرے اور جب جب موقع ملے عوام کے لئے خوشی اور شادمانی کاانتظام کرے۔ ہر سال منعقد ہونے والی پھولوں کی نمائش اسی نظریہ کی عکاس ہے۔ چیئرمین باغات کمیٹی ظفر اعجاز نے مہمانوں کی ٓامد پر انکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قیادت کا ساتھ ہونا ہماری کامیابی کی دلیل ہے ہم عوام کو مذید سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں ۔

اس موقع پر میونسپل کمشنر محمد فہیم خان نے کہا کہ پھولوں کی نمائش پر محکمہ باغات مبارکباد کا مستحق ہے آئندہ اس نمائش کو مزید بڑھایا جائیگا ۔۔ بعد ازاں اراکین رابطہ کمیٹی و دیگر مہمانوں نے چیئرمین بلدیہ وسطی ، میونسپل کمشنر محمد فہیم خان اور منتخب بلدیاتی نمائندوں کے ہمراہ پھولوں کی نمائش کا دورہ کیا ۔ انہوں نے پھولوں کی سجاوٹ اور خوبصورتی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پھول زندگی کی علامت ہیں خوش رنگ پھولوں کو دیکھ کر انسان کے ذہن کو تازگی میسّر آتی ہے۔ اس قسم کی پھولوں کی نمائشیں آئندہ بھی جاری رہنا چاہئے ۔واضح رہے کہ عوام کی بڑی تعداد فلاور شو دیکھنے کے لئے فتح باغ پہنچ رہی ہے ۔