پنجاب یونیورسٹی میں یونیورسٹی سپورٹس لیگ کا شاندار اور تاریخی افتتاح

یونیورسٹیوں میں سپورٹس کو فروغ دے کر بین الاقوامی معیار کا کھلاڑی پیدا کریں گے، راجہ یاسر ہمایوں ض*تقریب میں سانحہ کرائسٹ چرچ کے شہداء کے لئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ظ*پہلے میچ میں پنجاب یونیورسٹی پینتھرز نے بی زیڈ یو سینٹس کو 70 رنز سے ہرا دیا

ہفتہ 16 مارچ 2019 21:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مارچ2019ء) پنجاب یونیورسٹی میں یونیورسٹی سپورٹس لیگ کا شاندار اور تاریخی افتتاح کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں رنگا رنگ تقریب پنجاب یونیورسٹی لاء کالج گراونڈ میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر برائے ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں تھے۔ تقریب میں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیازاحمد، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن مومن آغا، ایڈیشنل سیکرٹری طارق حمید بھٹی، ڈائریکٹر سپورٹس پنجاب یونیورسٹی طاہرہ سلیم، پنجاب کی 48 یونیورسٹیوں سے مرد و خواتین کی ٹیمیں ، سپورٹس آفیشلز اور کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ یاسر ہمایوں نے کہا کہ پنجاب کی یونیورسٹیوں میں پہلی مرتبہ باقاعدہ سپورٹس لیگ منعقد کرائی جا رہی ہے جس سے بین الاقوامی معیار کے کھلاڑی پیدا ہوں گے ،بین الاقوامی میڈلز پاکستان آئیں گے اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی سپورٹس لیگ نوجوانوں کو ایک مثبت پلیٹ فارم مہیا کرے گے تاکہ وہ اپنی توانائیاں مثبت سرگرمیوں میں استعمال کر سکیں اور اپنے اندر چھپے ٹیلنٹ کو نکھار سکیں۔

انہوں نے کہا کہ سپورٹس لیگ کی کامیابی صوبے میں ایک صنعت کو بھی فروغ دے گی اور مستقبل میں یہ ملین ڈالر انڈسٹری بن جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ خوشی ہے کہ پاکستان کی سب سے قدیم یونیورسٹی میں سپورٹس لیگ کا آغاز ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپورٹس لیگ کا آغاز کرکٹ سے کیا جا رہا ہے جبکہ اس میں فٹ بال ، اتھلیٹکس، ہاکی ، باسکٹ بال اور دیگر کھیلوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی سپورٹس لیگ اب باقاعدگی سے ہر سال منعقد کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ تمام یونیورسٹیاں ان مقابلوں کی اونرشپ لیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کا انعقاد کرنے پر تمام یونیورسٹیوں اور بالخصوص پروفیسر نیاز احمد کے شکر گزار ہیں۔ وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد نے افتتاحی خطاب میں کہا کہ حکومت پنجاب نے یونیورسٹی سپورٹس لیگ کے ذریعے ایک نئے رحجان کو فروغ دیا ہے اور چند دنوں میں ہی اتنا بڑا ایونٹ منعقد کرایا۔

انہوں نے کہا کہ جیتنے والی ٹیموں کے لئے جن انعامات کا حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے پنجاب یونیورسٹی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے اپنے فنڈ سے فراہم کرے گی۔ اس موقع پر سانحہ کرائسٹ چرچ میں دہشت گرد حملوں میں شہید ہونے والے مسلمانوں کے لئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ بعد ازاں وزیر ہائیر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں اور دیگر حکام نے ٹرافی کی رونمائی کی۔

یونیورسٹی سپورٹس لیگ کے پہلے روز بہاوالدین ذکریا یونیورسٹی ملتان بی زیڈ یو سینٹس اور پنجاب یونیورسٹی پینتھرز کے درمیان نیو کیمپس کرکٹ گراونڈ میں مقابلہ ہوا۔ جس میں پینتھرز نے ستر رنز سے سینٹس کو شکست دے دی۔ پنجاب یونیورسٹی پینتھرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بیس اوورز میں دو سو اکیس رنز بنائے جبکہ بی زیڈ یو سینٹس کی ساری ٹیم ایک سو اکیاون رنز پر ڈھیر ہو گئی