Live Updates

حیدر آباد، وفاقی حکومت کی جانب سے ہمیں ٹارگیٹ کیا جا رہا ہے ،وزیراعلی سندھ

علیم خان کو بھی دکھاوے کیلئے گرفتار کیا گیا ،منی لانڈرنگ کا کیس سندھ کا ہے اسے راول پنڈی منتقل کرنا سمجھ سے بالا تر ہے، مراد علی شاہ کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 16 مارچ 2019 22:23

حیدر آباد، وفاقی حکومت کی جانب سے ہمیں ٹارگیٹ کیا جا رہا ہے ،وزیراعلی ..
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مارچ2019ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ہمیں ٹارگیٹ کیا جا رہا ہے جس کی تازہ مثال جام خان شورو کی ضمانت کے باوجود بھی انہیں راستے میں سادہ کپڑوں میں ملبوث مسلح افراد کی جانب سے روک کرانہیں ڈرانا دھمکانا ہے کیونکہ بعد میں معلوم ہوا کہ وہ افراد نیب کے لوگ تھے۔

انہوں نے کہا کہ جس کسی پر ریفرینسز ہیں ان سب کیخلاف بلا امتیاز کاروائی کرنے کے بجائے صرف سندھ میں گرفتاریاں کی جا رہی ہیں جبکہ علیم خان کو بھی دکھاوے کیلئے گرفتار کیا گیا اور شاید جلد انہیں ضمانت پر رہا بھی کر دیا جائے ۔ وہ ٹنڈو محمد خان میں رکن صوبائی اسمبلی عبد الکریم سومرو کے بھتیجے کی شادی کی تقریب میں شرکت کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے باتیں کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ نیب کی ان ہی کاروائیوں کی وجہ سے صورتحال تشویشناک ہو گئی ہے اور گذشتہ روز ایک رٹائرڈ برگیڈیئر نے نیب ریفرینس میں نام آنے کے بعد خود کشی کر لی ۔ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت کو سندھ میں کوئی دلچسپی نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان دو مرتبہ کراچی آئے مگر این ایس سی کے مطابق سندھ کے 116ارب روپے ابھی تک وفاق نے ادا نہیں کیے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں پانی کے مسئلے پر پچھلے سال اپریل میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس کا وہ بھی حصہ تھے اور انہوں نے سندھ کے مسائل کمیٹی کے سامنے پیش بھی کیے مگر اس ضمن میں کوئی پیش و رفت نہیں ہوئی ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق جہاں سے قدرتی گیس نکلتی ہے پہلا حق بھی اس پر وہاں کے لوگوں کا ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ٹنڈو محمد خان قدرتی گیس جیسے معدنی وسائل سے مالا مال ہے اور ہم نے گیس کی کمی کے مسئلے پر ہر فورم پر آواز اٹھائی ہے اور پی پی پی چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے بھی اس ضمن میں بہت سخت مؤقف رکھا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام نے وفاقی حکومت کو مسترد کیا ہے اور کہا کہ ہم سندھ کے حقوق لینے کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ ایک دوسرے سوال پر انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ کا کیس سندھ کا ہے مگر اسے راول پنڈی منتقل کرنا سمجھ سے بالا تر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ راول پنڈی سے ہماری اچھی یادیں نہیںرہی ہیں کیونکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادتیں بھی راول پنڈی میں ہی ہوئیں تھیں ۔ تقریب میںرکن قومی اسمبلی سید نوید قمراور پی پی پی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو بھی موجود تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات