Live Updates

حکومت میں10سال تنخواہ، سرکاری گھرنہیں لیا، شہبازشریف کا دعویٰ

سرکاری مراعات اورسرکاری پٹرول بھی استعمال نہیں کیا، پنجاب کے سرکاری دوروں کے اخراجات بھی اپنی جیب سے ادا کیے۔ میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 16 مارچ 2019 20:03

حکومت میں10سال تنخواہ، سرکاری گھرنہیں لیا، شہبازشریف کا دعویٰ
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 مارچ 2019ء) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرمیاں شہبازشریف نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت میں 10سال تنخواہ اور سرکاری گھرنہیں لیا، سرکاری مراعات اورسرکاری پٹرول بھی استعمال نہیں کیا، پنجاب کے سرکاری دوروں کے اخراجات بھی اپنی جیب سے ادا کیے۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نوازشریف کی ڈیڑھ سال قبل اوپن ہارٹ سرجری ہوئی ، اللہ نے ان کی جان بچائی۔

نوازشریف بلڈ پریشر اور شوگر کے مریض ہیں، نواز شریف کی حالت بہت خراب ہے، حکومت کو چاہیے کہ اس مسئلے کو سنجیدہ لے، لیکن حکومت اس مسئلے کو معمولی سمجھ رہی ہے۔ شہبازشریف نے کہا کہ خدانخواستہ اگر نوازشریف کی صحت کو کچھ ہوا تواس کی ساری ذمہ داری عمران خان نیازی اور پی ٹی آئی کی حکومت پر عائد ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں نے نہ سرکاری گھر استعمال کیا، نہ میں نے سرکاری الاؤنس لیا، نہ میں نے سرکاری پٹرول استعمال کیا، نہ میں نے تنخواہ لی، نہ میں نے ٹی اے، ڈی اے لیا، اور اسی طرح میں نے پنجاب کے سرکاری دوروں کے اخراجات بھی اپنی جیب سے ادا کیے۔

 مزید برآں شہباز شریف نےخواجہ برادران اور حنیف عباسی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے خلاف بے بنیاد مقدمات بنائے گئے جو ایک ایک کر کے جھوٹ ثابت ہو رہے ہیں۔ خواجہ سعد رفیق نے ریلوے جبکہ سلمان رفیق نے صحت کے شعبے کی بہتری کے لئے بے پناہ کام کیا اور دونوں شعبوں میں ترقی اس کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ ملاقات کے دوران دونوں بھائیوں کا مورال بلند ہے۔ ہمیں اللہ کے گھر امید ہے کہ انصاف ہوگا ۔ انہو ں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اگر حکومت کا یہی رویہ رہا تو اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی ہو گی اور گرینڈ الائنس بھی بنے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات