فائنل میں پہنچنے والی پاکستان سپر لیگ کی ٹیموں کو گورنرہائو س میں استقبالیہ دیا گیا

ٹورنامنٹ میں شائقین کو کئی سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملے، گورنرسندھ کی استقبالیہ میں کھلاڑیوں سے گفتگو

ہفتہ 16 مارچ 2019 22:42

فائنل میں پہنچنے والی پاکستان سپر لیگ کی ٹیموں کو گورنرہائو س میں استقبالیہ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2019ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل کی دعوت پر پاکستان سپر لیگ 2019 کے فائنل میں پہنچنے والی پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑیوں ،کوچز ، اور دیگر آفیشلز نے گورنر ہاؤس میں دیئے گئے استقبالیہ میں شرکت کی ۔ تقریب میں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی بھی موجود تھے ۔ عمران اسماعیل نے کہا کہ میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو گورنر ہائوس آنے پر خوش آمدید کہتا ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ نا صرف پاکستان بلکہ پی سی بی مبارکباد کی مستحق ہے ، ہماری کوشش ہے کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کو یقینی بنائیں۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ کل انشا اللہ بہترین فائنل ہوگا جبکہ بین لاقوامی کھلاڑیوں کامشکور ہوں کہ انھوں نے پاکستان آکر پی ایس ایل کو کامیاب بنایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا عزم ہے کہ اگلے سال پی ایس ایل کے تمام میچزپاکستان میں ہی منعقد کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم کرکٹ سے محبت کرنے والی قوم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں شائقین کو کئی سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملے، سب ٹیمیں ہماری ہیں جو ٹیم اچھا کھیلے گی وہ ہی فائنل میں جیتے گی۔ بعد ازاں گورنر سندھ اور صدر پاکستان نے دونوں ٹیمز کے پلیئرز کو سندھ کی ثقافت اجرک اور سندھی ٹوپی پہنائی۔اس موقع پر مصباح الحق نے خطاب میں کہا کہ ہم بہترین فائنل میچ کی امید کررہے ہیں انشاء اللہ پی ایس ایل ٹرافی ہم ہی جیتیں گے ، بین الاقوامی کھلاڑیوں کا شکرگزار ہوں کہ وہ پاکستان آئے اور امید کرتاہوں کہ آئندہ بھی پاکستان آئیں گے جبکہ ووین رچرڈز کا کہنا تھا کہ پاکستان آکر بہت اچھا لگا ، آنے والے سالوں میں بھی پاکستان آئوں گا، امید کرتا ہوں کہ پاکستان کرکٹ کے میدان میں مزید ترقی کرے اور امید کرتا ہوں کہ کل کا پی ایس ایل فائنل مقابلہ سنسنی خیز ہوگا۔

تقریب میں نیوزلینڈ میں پیش آنے والے واقعے کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔