بلوچستان کی سیاسی جماعتوں کا وفد گور نر بلوچستان کی قیادت میں چین کے دورے پر روانہ

وفد سی پیک پر سیاسی جماعتوں کے مشاورتی اجلاس میں شرکت کریگا

ہفتہ 16 مارچ 2019 23:22

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2019ء) بلوچستان کی سیاسی جماعتوں کا وفد گور نر بلوچستان جسٹس (ر) امان اللہ یاسن زئی کی قیادت میں چین کے دورے پر روانہ ہوگیا، وفد سی پیک پر سیاسی جماعتوں کے مشاورتی اجلاس میں شرکت کریگا، تفصیلات کے مطابق گورنر بلوچستان جسٹس (ر) امان اللہ یاسین زئی کی قیادت میں بلوچستان کی سیاسی جماعتوں کا وفد چین کے دورے پر روانہ ہوگیا ، وفد میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقادر بلوچ ، نیشنل پارٹی کے جنرل سیکرٹری جان محمد بلیدی ، پشتونخواء ملی عوامی پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی نصر اللہ زیرے ،بلوچستان نیشنل پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی میر اکبر مینگل ،بلوچستان عوامی پارٹی کے پرنس آغا عمر احمد زئی شامل ہیں، ایک ہفتے کے سرکاری دورے کے دوران وفد سی پیک کے حوالے سے قائم ہونے والی سیاسی جماعتوں کے مشاورتی اجلاس اور سیمینار میں شرکت سمیت ،وزراء اور اعلیٰ چینی حکام سے ملاقاتیں کریگا جبکہ وفد کو چین کے مختلف سرکاری اداروں کا دورہ بھی کروایا جائیگا ۔