نیب کے عملے کی صلاحیت کی تعمیر کے ساتھ بعض قوانین میں ترمیم کی اشد ضرورت ہے، چوہدری فواد حسین

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کی گزشتہ حکومتوں کی پالیسیوں کو تبدیل کرے گی ، انٹرویو حکومت اقتصادی، سیاسی اور انتظامی سہہ جہتی پالیسی اختیار کرتے ہوئے کالعدم تنظیموں کو قومی دھارے میں لائے گی، وزیر اطلاعات

اتوار 17 مارچ 2019 14:00

ا سلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2019ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ نیب کے عملے کی صلاحیت کی تعمیر کے ساتھ ساتھ بعض قوانین میں ترمیم کی اشد ضرورت ہے، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کی گزشتہ حکومتوں کی پالیسیوں کو تبدیل کرے گی ۔ ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے حکومت کو اپوزیشن کی حمایت کی ضرورت ہے اور وزیر قانون نے اس حوالے سے اپوزیشن کے ساتھ کئی ملاقاتیں بھی کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنی حکومتوں کے ادوار میں نیب قوانین میں ترمیم کے لیے کچھ بھی نہیں کیا، یہاں تک کہ ان دونوں جماعتوں نے تو وزیر قانون کو ڈرافٹ کے مسودے کی تجاویز بھی پیش نہیں کیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ موجودہ حکومت کا نیب کے معاملات سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کی گزشتہ حکومتوں کی پالیسیوں کو تبدیل کرے گی اور یہ یقینی بنائے گی کہ کسی بھی دوسرے ملک کے خلاف پاکستانی سرزمین استعمال نہیں ہونے دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اقتصادی، سیاسی اور انتظامی سہہ جہتی پالیسی اختیار کرتے ہوئے کالعدم تنظیموں کو قومی دھارے میں لائے گی اور اس سلسلے میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو بھی آن بورڈ لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) سیاست میں چھانگا مانگا اور اس طرح کی دیگر خراب روایات متعارف کرانے کی ذمہ دار ہے۔