آسٹریلوی شخص کو کرائسٹ چرچ حملے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر تبصرہ لکھنے پر گرفتار کر لیا گیا

گرفتار ہونے والے شخص سے نقلی بندوق، چاقو اور تیر مارنے والا خودکارہتھیار برامد

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 17 مارچ 2019 18:03

آسٹریلوی شخص کو کرائسٹ چرچ حملے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر تبصرہ لکھنے ..
کیمبرا(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17مارچ2019ء) کرائسٹ چرچ حملے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر تبصرہ کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا، گرفتار شخص نے حملے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر متنازع تبصرے لکھے۔ آسٹریلوی پولیس نے تبصرہ کرنے والے شخص کو شہر کے شمالی مضافات سے گرفتار کیا۔ جب 37 سالہ شخص کو گرفتار کیا گیا تو تلاشی کے دوران اس کے گھر سے نقلی بندوق، دو چاکو اور تیر مارنے والا خودکار ہتھیار برامد ہوا۔

پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی۔ گرفتار ہونے والے شخص پر H کلاس ہتھیار رکھنے کے جرم میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ جمعہ کے روز نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں ایک سفید فام دہشت گرد نے دو مسجدوں میں فائرنگ کی جس سے مسجد النور میں 50نمازی شہید ہو گئے۔

(جاری ہے)

شہید ہونے والوں میں 9پاکستانی بھی شامل ہیں۔ حملے میں شہید ہونے والوں کی گاڑیاں مسجد کے باہر پارکنگ میں کھڑی اپنے مالکان کا انتظار کر رہی ہیں جبکہ وہ اب اس دنیا میں موجود نہیں رہے۔

پوری دنیا نے اس واقع کی مذمت کی ہے۔ نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے مجرم کو قانون کے مطابق سزا دینے کا اعلان کیا ہے۔ ایسے میں کچھ ایسے بھی لوگ ہیں جو اسلام سے نفرت میں اتنا آگے نکل گئے ہیں کہ وہ اس وقعہ پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں، ایسے ہی ایک آسٹریلوی شخص نے سوشل میڈیا پر حملہ کرنے والے دہشت گرد کے حق میں تبصرہ کیا تو اسے پولیس نے حراست میں لے لیا۔ اس سے پہلے برطانیہ میں بھی ایک 24سالہ شخص کو حراست میں لیا گیا ہے جس پر الزام ہے کہ اس نے کرائسٹ چرچ حملے میں دہشت گرد کی معاونت کی۔ نیوزی لینڈ کی پولیس نے بتایا ہے کہ حملہ آور نے حملے سے پہلے دھمکی آمیز ای میل کی تھی لیکن ابھی ای میل پر تحقیقات جاری تھیں کہ دہشت گرد نے مسجد پر حملہ کر دیا۔