نیوزی لینڈ حملہ،دہشتگرد نے اکیلے ہی مسجد میں حملہ کیا

حملہ آور کی کسی نے مدد نہیں، زیرحراست تین افراد بھی ملوث نہیں ہیں، دہشتگرد نے دنیا کےمتعدد اداروں کو اپنا منشوربھی بھیجا ہے۔کرائسٹ چرچ پولیس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 17 مارچ 2019 18:53

نیوزی لینڈ حملہ،دہشتگرد نے اکیلے ہی مسجد میں حملہ کیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 مارچ 2019ء ) کرائسٹ چرچ کی مسجد میں دہشتگرد نے اکیلے ہی حملہ کیا، حملہ آور کی کسی نے مدد نہیں، دہشتگرد نے دنیا کےمتعدد اداروں کو اپنا منشور بھجوا دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کرائسٹ چرچ پولیس کا کہنا ہے کہ دوران تفتیش معلوم ہوا کہ مسجد میں ایک ہی حملہ آور نے حملہ کیا اور متعدد  لوگوں کو قتل کردیا۔ حملہ آور کے ساتھ کسی دوسرے فرد نے اس کی مدد نہیں کی۔

بلکہ پولیس کی زیرحراست باقی تینوں افراد بھی ملوث نہیں ہیں۔ 28سالہ دہشتگرد برینٹن نے خود ہی حملے کی منصوبہ بندی کی۔ کمشنر کرائسٹ چرچ کا کہنا تھا کہ تفتیش کے دوران مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔جلد ہی حملے میں ملوث تمام مجرموں کو بے نقاب کریں گے۔ اسی طرح حملہ آور نے دنیا کے 70سے زائد اداروں اور میڈیا ہاؤسز کو اپنا منشور بھیج دیا ہے۔

(جاری ہے)

نیوزی لیںڈ کی وزیراعظم کو بھی حملہ آور کا منشور موصول ہوگیا ہے۔ جس کی وزیراعظم آفس نے باقاعدہ تصدیق بھی کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ دہشتگرد نے جب سے یورپ کا دورہ کیا ہے اس کے بعد نیو فاشزم کا نظریہ اپنا لیا۔ جس کے پیش نظر حملہ آور نے دورہ یورپ کے دوران جن افراد سے ملاقاتیں کیں ان کی تفصیلات بھی جمع کی جارہی ہیں۔ تاکہ ان افراد کو بھی شامل تفتیش کیا جاسکے۔

کیونکہ حملہ آور کے منشور اور بندوق پر درج الفاظ سے ظاہر ہے کہ وہ مسلمانوں کیخلاف جنگیں لڑنے والوں کو پسند کرتا تھا۔ دوسری جانب ترجمان دفترخارجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر نیوزی لینڈ میں مساجد پرہونے والے حملوں میں 3 مزید پاکستانیوں کی شہادت کی تصدیق کی۔ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے بتایا کہ شہداء میں ذیشان رضا، ان کے والد غلام حسین اوروالدہ کمربی بی شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اب تک شہید ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد 9 ہوگئی، ابھی ایک پاکستانی تشویش ناک حالت میں آئی سی یومیں ہے۔