عازمین کو ٹورآپریٹر سےبکنگ سےپہلے حج کوٹہ کی تصدیق کی ہدایت

عازمین حج تصدیق کرنے سے جعلسازوں سے بچ سکیں گے، عازمین اپنے ٹورآپریٹر، حج گروپ کے آرگنائزرکا نام، اور کوٹہ سے متعلق معلومات کیلئے 8331 پر ایس ایم ایس کریں۔ وفاقی وزارت مذہبی امور

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 17 مارچ 2019 19:21

عازمین کو ٹورآپریٹر سےبکنگ سےپہلے حج کوٹہ کی تصدیق کی ہدایت
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 مارچ2019ء ) وفاقی وزارت مذہبی امور نے عازمین کو خبردار کیا ہے کہ حج کمپنی یاٹورآپریٹر سے بکنگ سے پہلے حج کوٹہ کی تصدیق کرلیں،جس کے تحت عازمین حج جعلسازوں سے بچ سکیں گے،عازمین اپنے ٹورآپریٹر،حج گروپ کے آرگنائزرکا نام،اور کوٹہ سے متعلق معلومات 8331پر ایس ایم ایس کریں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی نے ایک نوٹس جاری کیا ہے جس میں عازمین حجاج کو ہوشیار کیا گیا ہے کہ عازمین حج کمپنی یاٹورآپریٹر سے بکنگ سے پہلے حج کوٹہ کی تصدی کرلیں،جس کے تحت عازمین حج جعلسازوں سے بچ سکیں گے۔

اشتہاری نوٹس کے مطابق عازمین حجاج پہلے یہ تصدیق کرلیں کہ وہ جن ٹورآپریٹر سے بکنگ کروانا چاہتے ہیں ان کے پاس حج کوٹہ بھی دستیاب ہے یا نہیں،

عازمین کو چاہیے کہ تصدیق کیلئے وزارت کے شکایت نمبر8331 پر میسج کریں۔

(جاری ہے)

عازمین اس سروس کے ذریعے اپنے ٹورآپریٹر،حج گروپ کے آرگنائزرکے چیف ایگزیکٹو کا نام، وزارت سے الاٹ کردہ حج کوٹہ،دفتر کا پتہ اور انرولمنٹ کی حیثیت معلوم کرسکتے ہیں۔

وزارت مذہبی امور کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایس ایم ایس سروس پہلی بارشروع کی جارہی ہے۔جو کہ عازمین حجاج کودھوکہ دہی اور فراڈ سے بچانے میں معاون ثابت ہوگی۔اس ٹیکنالوجی کے ذریعے عازمین اپنے ٹورآپریٹر اور حج کمپنی سے متعلق تما م معلومات حاصل کرسکیں گے، اور دھوکہ دہی بھی بچ سکیں گے۔ اس تمام کوشش کے باوجود اگر عازمین نے ہم سے رابطہ نہ کیا اور ان سے کوئی فراڈ ہوگیا تووزارت کسی طرح بھی ذمہ دار نہ ہوگی۔ واضح رہے وفاقی حکومت کی جانب سے سرکاری اسکیم کے تحت حج پر جانے والوں کیلئے قرعہ اندازی میں ایک لاکھ 7 ہزار سے زائد خوش نصیبوں کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے۔