ٴْلاہور،سانحہ نیوزی لینڈ مسلمانوں کے خلاف پیدا کردہ نفرت کا شاخسانہ ہے، صاحبزادہ حامد رضا

اتوار 17 مارچ 2019 20:05

ظ*لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مارچ2019ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں مسلمانوں کو امتیازی رویوں کا سامنا ہے۔ سانحہ نیوزی لینڈ مسلمانوں کے خلاف پیدا کردہ نفرت کا شاخسانہ ہے۔ مسلم حکمران متحد ہو کر سانحہ نیوزی لینڈ کے خلاف آواز اٹھائیں۔ یورپ اور امریکہ کے مسلمان شدید عدم تحفظ کا شکار ہیں۔

دنیا کو ہندو، یہودی اور عیسائی انتہا پسندی کیوں دکھائی نہیں دیتی۔ اسلامو فوبیا کا بڑھتا اور پھیلتا رحجان انتہائی خطرناک شکل اختیار کر چکا ہے۔ مسلمانوں کو ہر یورپی ملک میں بدترین تعصب کا سامنا ہے۔ مسلم حکمران امت مسلمہ کو درپیش خطرات کے سد باب کے لئے مشترکہ حکمت عملی اختیار کریں۔ عالم اسلام کا پائیدار اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

اتحاد امت کے بغیر مسلمانوں کے مسائل حل نہیں ہو سکتے۔ اسلام دشمن طاقتیں فرقہ واریت کو اسلام کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے المرکز الاسلامی شادباغ لاہور میں علماء کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ مسلم حکمران امریکہ کی دلالی چھوڑ دیں اور امت کے اجتماعی مفادات کے لئے مشترکہ کوششیں کریں۔

نیوزی لینڈ کے سانحہ پر عالمی برادری کا رد عمل مایوس کن ہے۔ 50 نمازیوں کو قتل کرنے والا ذہنی مریض نہیں دہشت گرد ہے۔ دہشت گردی اور انتہا پسندی پوری دنیا کا مشترکہ مسئلہ ہے۔ اسلام امن و محبت کا درس دینے والا دین ہے۔ سانحہ نیوزی لینڈ کے بعد مسلمانوں پر دہشت گردی کا لیبل لگانے والوں کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں۔ مسلمان دہشت گرد نہیں دہشت گردی کا شکار ہیں۔ سانحہ نیوزی لینڈ پر او آئی سی کا ہنگامی اجلاس بلایا جائے اور امت کو درپیش مسائل پر غور کے لئے اسلامی سربراہی کانفرنس منعقد کی جائے۔