Live Updates

4اپریل لاڑکانہ میں پیپلز پارٹی بھرپور عوامی قوت کا مظاہرہ کریگی‘ پیپلز پارٹی

جلسہ کمیٹی کا اہم اجلاس19مارچ کو سکھر اور22مارچ کو لاڑکانہ میں ہو گا‘جلسہ کی تیاریوں کو حتمی شکل دی جائیگی

اتوار 17 مارچ 2019 20:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی رہائش گاہ پر پیپلز پارٹی جلسہ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ جس میںپی پی پی کے صوبائی صدر نثار احمد کھوڑو، سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ،وزیراعلیٰ سندھ کے معاونین خصوصی وقار مہدی، راشد ربانی،صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ،اعجاز جکھرانی اور عاجز دھامراہ بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 4اپریل گڑھی خدا بخش لاڑکانہ میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 40 ویں برسی پر پیپلز پارٹی بھرپور عوامی قوت کا مظاہرہ کریگی‘جلسہ کی تیاریوںکے سلسلے میں جلسہ کمیٹی کا اہم اجلاس19مارچ کو سکھر اور22مارچ کو گڑھی خدا بخش لاڑکانہ میں ہو گاجس میں جلسہ کی تیاریوں کو حتمی شکل دی جائیگی۔

(جاری ہے)

پی پی پی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات عاجز دھامراہ کا کہنا تھا کہ 4اپریل کو شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 40ویں برسی بھرپور طریقے سے منائے جائیگی اوراجلاس میں چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کے موقف کی تائید بھی کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر ریلوے اور ہر غیر جمہوری حکومت کا آلہ کار پنڈی کے شیطان شیخ رشید کا پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کو دھمکی دینے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور چیف جسٹس آف پاکستان مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ شیخ رشید عرف شیدا ٹلی کے بیان کا نوٹس لے۔عاجز دھامراہ کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے سیلیکٹ وزیراعظم عمران نیازی اپنے پالتوں کو لگام ڈال کر رکھے جن کو عوامی خدمت کے بجائے صرف چھوڑا ہی اس لئے ہے کہ وہ مخالفین پر زبان درازی کرتے رہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ جدوجہداور قربانیوں سے بھری پڑی ہے ہمیں ڈرانے والے تاریخ میں گم ہوگئے ہیںاور پی ٹی آئی شاید کسی غلط فہمی کا شکار ہے اور وہ بھول رہی ہے کہ ہم نے اس ملک کی ترقی اور جمہوریت کی بالادستی کیلئے کبھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا اور ہر مشکل وقت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات