بھارتی آرمی چیف کی پاکستان کے خلاف کارروائی کی گیدڑ بھبھکی قابل مذمت ہے‘امیر العظیم

نریندرمودی نے گجرات میں دو ہزار مسلمانو ں کو شہید کیاوہ مزید قتل و غارت گری کرنا چاہتے ہیں‘امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب

اتوار 17 مارچ 2019 20:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2019ء) امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کی جانب سے پاکستان کے خلاف کارروائی کرنے کی گیدڑ بھبھکی قابل مذمت ہے۔ہندوستانی فضائیہ کے دوطیارے گرانے کے بعد پاکستان نے انڈین ڈرون کو گراکربھارت کومنہ توڑجواب دیاہے۔ان خیالات کا اظہار انھو ں نے گزشتہ روزمنصورہ میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انھوں نے کہا کہ ہندوستان تیزی سے اپنے انجام کی طرف بڑھ رہا ہے۔ اس وقت بھارت کے اندر متعددآزادی کی تحریکیں چل رہی ہیں۔ بھارتی آرمی چیف پاکستان کو دھمکیاں دینے کی بجائے ملکی حالات سے نبر د آزما ہوں تو زیادہ بہتر ہے۔ حالیہ دنوں میں ہندوستان نے سرجیکل اسٹرائیک کے نتیجہ کو دیکھ لیا ہے، اس کو آئندہ بھی منہ توڑ اور پہلے سے زیادہ بھر پور جواب دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

بھارت مسلسل مقبوضہ کشمیر میں مظالم ڈھارہا ہے۔ مسئلہ کشمیر کے پر امن حل تک خطے میں امن کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ بھارت نے تعصب کی بنا پر جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر پر پابندی لگا کر دنیا کو منفی پیغام دیا ہے۔ کشمیری پُر امن انداز میں تحریک آزادی کشمیر کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ہندوستان نے دنیا کی نظروں میں دھول جھونکنے کے لیے مقبوضہ کشمیر میں قتل و غارت گری کا بازار گرم کر رکھا ہے۔

انھوں نے کہا کہ نریندرمودی انتخابات تک کسی بھی قسم کی جارحیت کا ارتکاب کرسکتے ہیں۔ ماضی گواہ ہے کہ مودی نے گجرات میں دو ہزار مسلمانوں کو شہید کیا اور اپنے سیاسی مفادات حاصل کیے تھے۔ آج پورے بھارت کے غیر جانبدار حلقے اور اپوزیشن کی جماعتیں مودی کی خونی سیاست کو بے نقاب کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ سمیت امن اور انسانیت کا نعرہ لگانے والی این جی اوز بھارت کے گھنائونے کردار سے پردہ اٹھائیں۔

بھارت ایک دہشت گرد ریاست ہے جو پاکستان کے وجود کو برداشت کرنے کو تیار نہیں۔ انڈیا جنوبی ایشیا میں طاقت کے توازن کو بگاڑ کرخطے میں چودھراہٹ کا خواب دیکھ رہا ہے۔ ،جو کبھی پورا نہیں ہوگا۔ امیر العظیم نے مزیدکہاکہ نیوزی لینڈ میں دہشت گردی کے نتیجے میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کے خاندانوں کے ساتھ اظہا ر افسوس کرتے ہیں، یہ بہت بڑا سانحہ ہے۔ پوری قوم متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ آج دنیا نعیم رشید کے جرأتمندانہ کردار کو خراج تحسین پیش کررہی ہے۔ حکومت پاکستان شہداء کے لواحقین کی ہر ممکن مدد کرے۔