خوفناک فائرنگ کےوقت میں زمین پرلیٹ کرجان بچائی،گلزارعلی

جب دہشتگرد نے مسجد میں داخل ہوکرفائرنگ تومیں زمین پر لیٹ گیا، اپنے جسم کو ڈھیلا چھوڑ دیا جبکہ اپنی سانس بھی روک لی، حملہ آورنے میرے پاس متعدد نمازیوں کو شہید کردیا۔ حملے میں بچ جانیوالے ایک نمازی کا انکشاف

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 17 مارچ 2019 22:20

خوفناک فائرنگ کےوقت میں زمین پرلیٹ کرجان بچائی،گلزارعلی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 مارچ 2019ء) نیوزی لینڈ کرائسٹ چرچ حملے کے زخمی شخص نے انکشاف کیا ہے کہ دہشتگرد کی فائرنگ کے وقت میں زمین پر لیٹ گیا اور جسم کو ڈھیلا چھوڑ دیا جبکہ اپنی سانس بھی روک لی، حملہ آورنے میرے پاس متعدد نمازیوں کو شہید کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیوزی لینڈ میں کرائسٹ چرچ کی دومساجد میں حملے کو آج تیسرا روز ہے لیکن تاحال دنیا بھر میں مسلمانوں سمیت ہر انسانی ہمدردی رکھنے والی آنکھ اشکبار ہے۔

دنیا میں حملے کو مختلف انداز میں دیکھا جارہا ہے۔ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ حملہ آور سفید فام نسل کے پیروکار ہے۔لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ حملہ آور معصوم انسانی جانوں کا قاتل ہے، جس نے ہولناک حملے میں متعدد لوگوں کو شہید کردیا ہے۔نیوزی لینڈ میں کرائسٹ چرچ حملے نے جہاں دنیا کو ہلا کررکھ دیا ہے وہاں ملزم کے خاندان کو بھی شدیدصدمہ پہنچاہے۔

(جاری ہے)

نیوزی لینڈ میں امن وامان کی صورتحال کودنیا بھرمیں سراہا جا رہا تھا کہ اچانک28سالہ دہشتگرد جو کہ سفید فام نسل کا پیروکار ہے اس نے کرائسٹ چرچ کی ایک مسجد میں حملہ کردیا۔ حملہ آور نے بغیر کسی خوف وخطر بڑے آرام سے گاڑی میں آیا اور اپنی لوڈڈ گن سے مسجد میں جاکر نمازیوں پر فائرنگ شروع کردی۔ جس کے نتیجے میں 50سے زائد مسلمان شہید اور 50کے قریب زخمی ہوگئے۔

تاہم پولیس نے موقع پر جاکر ہی حملہ آور کو گرفتار کرلیا۔ملزم کو عدالت نے تفتیش کیلئے ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے رکھا ہے۔ ملزم پر متعدد افراد کو قتل کرنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔تاہم مزید تفتیش کے بعد امکان ہے کہ ملزم پر مزید سخت دفعات لگائی جا سکتی ہیں۔دوسری جانب حملے کے تیسرے روز بھی مختلف ذرائع سے انکشافات سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

جیسا کہ کرائسٹ چرچ حملے کے دوران باپ نے گولیوں کے سامنے ڈھال بن کر2سالہ بیٹے کو بچا لیا،زلفرمین کوجسم کے کئی حصوں پر گولیاں لگیں،لیکن بیٹے کوصرف ٹانگ اور پشت پر معمولی زخم آئے، زلفرمین اپنے بیٹے ایوروزکے ساتھ کرائسٹ چرچ میں واقع لین وڈ اسلامک سنٹر میں نماز کیلئے آئے تھے کہ دہشتگرد نے گولیوں کی بوچھاڑ کردی۔اسی طرح ایک اور نمازی گلزار علی کا کہنا ہے کہ دہشتگرد کی فائرنگ کے وقت میں زمین پر لیٹ گیا اور جسم کو ڈھیلا چھوڑ دیا جبکہ اپنی سانس بھی روک لی، حملہ آورنے میرے پاس متعدد نمازیوں کو شہید کردیا۔