راس الخیمہ: 12 سو ٹریفک خلاف ورزیاں کرنے والا ڈھیٹ ڈرائیور آخرکار پکڑا گیا

ضدی ڈرائیور پر ساڑھے گیارہ لاکھ درہم کا ناقابلِ یقین جرمانہ عائد کیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 18 مارچ 2019 13:29

راس الخیمہ: 12 سو ٹریفک خلاف ورزیاں کرنے والا ڈھیٹ ڈرائیور آخرکار پکڑا ..
راس الخیمہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مارچ 2019ء) متحدہ عرب امارات میں ٹریفک خلاف ورزیاں کرنے والے بچ نہیں پاتے۔ معمولی سی غلطی پر بھی اچھا خاصا جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ امارات میں خلاف ورزیوں کے شوقین ڈرائیور بھی اب سُدھرنے لگے ہیں جس کے باعث حادثات کی تعداد میں بھی کمی واقع ہوئی ہے اور سڑکوں پر ٹریفک کی روانی دوانی بھی بہتر ہو گئی ہے۔

تاہم کچھ ایسے ضدی ڈرائیور بھی ہوتے ہیں، جنہیں بھاری جرمانوں کا خوف بھی ٹریفک قوانین کی پامالی سے نہیں روک سکتا۔ ایسا ہی ایک ڈرائیور راس الخیمہ پولیس کی جانب سے گرفتار کیا گیا ہے۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ سرکاری استغاثہ کے حوالے کیے گئے اس ڈرائیور پر کتنی خلاف ورزیوں کا الزام ہے اور مجموعی طور پر اس پر کتنا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ ڈھیٹ ڈرائیور ایک، دو نہیں، سو نہیں، ہزار بھی نہیں بلکہ 1,251 ٹریفک خلاف ورزیوں کا مرتکب پایا گیا۔

جس پر اس قانون شکن اماراتی ڈرائیور پر پُورے 11 لاکھ 58 ہزار درہم کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ المعمورہ پولیس اسٹیشن کے سربراہ کرنل ولید محمد جمعہ نے بتایا کہ پولیس نے بالآخر 23 سالہ اماراتی ڈرائیور کو پکڑ ہی لیا جو ایک ہزار سے زائد سنگین ٹریفک خلاف ورزیوں میں ملوث تھا۔ اس نوجوان نے اپنے ذمّے عائد ٹریفک جرمانے بھی بروقت ادا نہیں کیے تھے۔ پولیس نے اس نوجوان کو ترک کی گئی گاڑیوں کی ضبطی کی مہم کے دوران گرفتار کیا۔ لاکھوں درہم جرمانے کی سزا بھُگتنے والا یہ نوجوان نمبر پلیٹ سے متعلق خلاف ورزیوں کے علاوہ سینکڑوں بار حدِ رفتار کی خلاف ورزی کا مرتکب بھی پایا گیا۔