لاہورہائیکورٹ نے فواد حسن فواد کی نیب کیخلاف دائر توہین عدالت کی درخواست واپس لینے کی بنا ء پر نمٹا دی

بادی النظر میں نیب نے عدالت کی کوئی توہین نہیں کی، توہین عدالت کی درخواست کا کوئی جواز نہیں ‘ ریمارکس

پیر 18 مارچ 2019 16:52

لاہورہائیکورٹ نے فواد حسن فواد کی نیب کیخلاف دائر توہین عدالت کی درخواست ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2019ء) لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کی نیب لاہور کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست واپس لینے کی بنا ء پر نمٹا دی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہزاد احمد خان اور جسٹس وقاص رئوف پر مشتمل دو رکنی بینچ نے فواد حسن فواد کی توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔

فاضل بینچ کی جانب سے ریمارکس دئیے گئے کہ بادی النظر میں نیب نے عدالت کی کوئی توہین نہیں کی، ایسے میں توہین عدالت کی درخواست کا کوئی جواز نہیں۔ عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ توہین عدالت کی درخواست واپس لیں یا آپ کو جرمانہ کیا جائے۔ فواد حسن فواد کے وکیل نے درخواست واپس لے لی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار فواد حسن فواد کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ نیب نے 5جولائی کوآمدن سے زائد اثاثہ جات کی انکوائری کے لئے گرفتار کیا، 5ماہ سے زائد عرصہ گزرجانے کے باجود نیب کی جانب سے ریفرنس فائل نہیں کیا گیا۔

فواد حسن نے مزید کہا کہ لاہور ہائیکورٹ نے 4مارچ کو نیب کو آمدن سے زائد اثاثوں کی انکوائری رپورٹ جمع کروانے کا حکم دیا تھاعدالتی حکم کے باوجود نیب کی جانب سے رپورٹ جمع نہیں کروائی گئی۔ استدعا ہے کہ عدالتی حکم کی خلاف ورزی پر نیب کے افسران کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔