Live Updates

وزیر اعظم کی ہدایت پر شاہ محمود قریشی کااہم قومی امور اور نیشنل ایکشن پلان پر پارلیمانی پارٹیوں سے مشاورت کا فیصلہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے پارلیمانی جماعتوں کے قائدین کو خطوط ارسال کر دیئے گئے،کانفرنس 28مارچ کو ہوگی کسی دوسرے ملک کے خلاف اپنی سرزمین استعمال نہ ہونے دینے کے عوامی وعدہ کی پاسداری بھی نیشنل ایکشن پلان میں شامل ہے، شاہ محمود

پیر 18 مارچ 2019 16:56

وزیر اعظم کی ہدایت پر شاہ محمود قریشی کااہم قومی امور اور نیشنل ایکشن ..
ْ اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2019ء) وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بڑا قدام اٹھاتے ہوئے اہم قومی امور اور نیشنل ایکشن پلان پر پارلیمانی پارٹیوں سے مشاورت کا فیصلہ کیاہے ۔ پیر کو جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پارلیمانی جماعتوں کی مشاورتی کانفرنس بلالی ،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے پارلیمانی جماعتوں کے قائدین کو خطوط ارسال کر دیئے گئے ،مشاورتی کانفرنس 28 مارچ کو شام چار بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوگی۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ دسمبر 2014 میں آرمی پبلک اسکول پشاور کے المناک واقعے کے بعد نیشنل ایکشن پلان مرتب ہوا تھا۔شاہ محمود قریشی کے خط میں کہاگیاکہ یہ نیشنل ایکشن پلان تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت کے نتیجے میں قومی اتفاق رائے کا مظہر تھا۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے کے لئے نیشنل ایکشن پلان کے مختلف پہلو ہیں ۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خارجہ پالیسی کی جہات کے حامل مختلف پہلو نیشنل ایکشن پلان کا حصہ ہیں ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ کسی دوسرے ملک کے خلاف اپنی سرزمین استعمال نہ ہونے دینے کے عوامی وعدہ کی پاسداری بھی نیشنل ایکشن پلان میں شامل ہے ۔ شاہ محمود قریشی کے خط میں کہاگیاکہ اقوام متحدہ کی پابندیوں سے متعلق ذمہ داریوں اورانسداد دہشت گردی کی مالی معاونت سے متعلق عالمی تقاضوں پر عمل درآمد بھی قومی حکمت عملی کا اہم حصہ ہے۔

شاہ محمود قریشی کے خط میں کہاگیا کہ دہشت گردی کے خلاف ہماری جہد مسلسل کے اعادے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو شرکت کی دعوت دیتا ہوں۔انہوںنے کہاکہ یہ مشاورت پاکستان کی قومی حکمت عملی پر تیزی سے عملدرآمد کے لیے ہمارے عزم کے تسلسل اور اس کی اہمیت کو دنیا میں اجاگر کرے گی ۔شاہ محمود قریشی کے پارلیمانی خط میں کہاگیاکہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد واضح طور پر پاکستان کے عوام کے طویل المدتی مفاد میں ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات