مقبوضہ کشمیر میں حالات انتہائی کشیدہ ہو چکے ہیں ،اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر کی کشیدہ صورتحال کا فوری نوٹس لے،پرویز اشرف

پیر 18 مارچ 2019 16:58

لیڈز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2019ء) پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے سینئر نائب صدر وسابق سنیئر وزیر چودھری پرویز اشرف نے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر میں حالات انتہائی کشیدہ ہو چکے ہیں حریت قائدین کی گرفتاریاں اور وادی میں کریک ڈان کے نام پر نوجوانوں کی گرفتاریاں باعث تشویش ہیں ۔اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر کی کشیدہ صورتحال کا فوری نوٹس لے۔

(جاری ہے)

وہ پیر کو یہاں کشمیر کانفرنس میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کے وحشیانہ مظالم کے باعث 1990 کے بعد اس وقت تک ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد شہید، تیس ہزار بیوہ ، لاکھوں کشمیری زخمی اور ہزاروں مکانات تباہ ہونے کے ساتھ ساتھ اربوں روپے کی املاک کو نقصان ہوچکا ہے آٹھ لاکھ سے زائد افواج اور ہزاروں کی تعداد میں پیرا ملٹری فورسز نے مقبوضہ کشمیر کو فوجی چھاونی میں تبدیل کر دیا ہے انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کے مظالم پر اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ کے بعد ضروری ہو چکا ہے کہ اقوام متحدہ فوری طور پر ایک فیکٹ فاہیڈنگ مشن مقبوضہ کشمیر بھجوائے انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے دلوں سے موت کا خوف نکل چکا ہے اور وہ اب بھارتی افواج کے وحشیانہ مظالم کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح مقابلہ کر رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ بھارتی حکمرانوں نے مقبوضہ کشمیر میں ناکامی کے بعد پاکستان کے خلاف جنگی محاز کھول دیا ہے لیکن پاکستان کی دلیر اور بہادر افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر ثابت کر دیا کہ پاک افواج کی موجودگی میں کوئی میلی آنکھوں سے پاکستان کی طرف نہیں دیکھ سکتا ہم پاک افواج کے جذبہ حریت کو سلام پیش کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کشمیر پر ایجنڈے میں 70 سالوں سے موجود قرار دادوں پر عملدرآمد کروانے کے لہئے آپنا کردار ادا کرے ان 70سالوں میں کہی ممالک نے آزادی حاصل کر لی لیکن کشمیری عوام آج تک اپنے حق کے لئے قربانیاں دے رہے ہیں۔