لاڑکانہ تعلیمی بورڈ کے ملازمین کا سندھ ایجوکیشن بورڈ ریگولیٹری اتھارٹی کے ممکنہ قیام کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

پیر 18 مارچ 2019 17:26

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2019ء) لاڑکانہ تعلیمی بورڈ لاڑکانہ کے ملازمین نے بازؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر سندھ ایجوکیشن بورڈ ریگولیٹری اتھارٹی کے ممکنہ قیام کے سندھ حکومت کے فیصلے کے خلاف تمام دفاتر کی تالابندی کرکے بورڈ آفس کی مرکزی گیٹ پر احتجاجی مظاہرہ کرکے دھرنا دیا اور نعرے بازی کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر تعلیمی بورڈ کے سیکریٹری احمد علی چھٹو، ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن محمد رمضان جمالی، فیض محمد ملاح، کریم داد کلہوڑو، محمد علی ڈیپر، محمد اقبال جاگیرانی اور دیگر کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ تعلیمی بورڈز کے خلاف سیاہ قانون لا رہی ہے جسے کسی بھی صورت قبول نہیں کریں گے۔

ڈاکٹر عاصم کو خوش کرنے کے لیے حکومت سندھ تعلیمی بورڈز کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے جس سے بورڈز میں انارکی پھیل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمجھ میں نہیں آتا کہ ان کا ڈاکٹر عاصم میں کیا مفادات ہیں جس کے حصول کے لیے سندھ میں قائم 7 تعلیمی بورڈز کو ان کے حوالے کیے جا رہے ہیں جبکہ تمام ملازمین سراپا احتجاج ہیں لیکن سندھ حکومت ایک شخص کو خوش کرنے میں لگی ہوئی ہے اور سندھ کی تعلیم کو داؤ پر لگا رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے فیصلہ واپس لیا جائے بصورت احتجاج جاری رہے گا۔