Live Updates

سرکاری افسران اپنے فرائض پوری دیانت داری سے سرانجام دیں،وفاقی وزیر پٹرولیم

سیاست اپنے نظریہ کی بنیاد پر کررھے ہیں کسی سرکاری افسر سے کوئی غلط کام نہیں لیا جائیگا،غلام سرور خان واہ جنرل ہسپتال میں 100 بیڈ کا انتظام کرنے کیساتھ ساتھ ہسپتال کیلئے سٹاف اور دوائیوں کے انتظام کو یقینی بنایا جائے گا،خطاب

پیر 18 مارچ 2019 17:36

سرکاری افسران اپنے فرائض پوری دیانت داری سے سرانجام دیں،وفاقی وزیر ..
ٹیکسلا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2019ء) وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے کی زیر صدارت تحصیل ٹیکسلا کے مسائل اور انکے حل کیلئے ایک کھلی کچہری کا اہتمام کیا گیا جس میں ایم این اے منصور حیات خان ایم پی اے عمارصدیق خان اور ملک تیمورکے علاوہ اے سی ٹیکسلا ڈی ایس پی ٹیکسلا سمیت دیگر تمام متعلقہ محکموں کے اعلی افسران، پاکستان تحریک انصاف کے تحصیلی رہنمائوں و کارکنان اور اہل علاقہ نے بھرپور انداز میں شرکت کی۔

کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے کہا کہ خوشحال پاکستان کا قیام ہمارا نصب العین ہے جس کیلئے پاکستان تحریک انصاف کی قیادت اور حکومت پوری جانفشانی کے ساتھ دن رات اپنی جدوجہد میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی کی زندگی میں بہتری اور آسانی لانا ہمارا اولین فریضہ ہے اور اس مشن کی تکمیل کیلئے نہ صرف انتظامی محکموں کے افسران کو اپنے فرائض پوری ایمانداری سے سرانجام دینے ہیں بلکہ عوام اور سیاستدانوں کا بھی یہ فرض ہے کہ وہ اصلاح معاشرہ پر توجہ دیتے ہوئے مسائل کی نشاندہی کریں۔

(جاری ہے)

کہیں کوئی غلط کام ہو رہا ہے تو متعلقہ حکام کو اس سے آگاہ کریں اور عوام و اہل علاقہ کی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔غلام سرور خان نے کہا کہ میں سیاست کو عبادت سمجھتا ہوں اور مثبت و تعمیری سیاست پر یقین رکھتا ہوں۔میری سیاست کا مقصد سٹیٹس کو کا خاتمہ کرنا ہے۔ اپنے کسی مخالف کیساتھ بھی زیادتی کا روادار نہیں بلکہ اپنے حسن اخلاق اور اچھے رویہ سے اپنے مخالفین کو بھی ساتھ ملانے اور انکا دل جیتنے کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہوں۔

غلام سرور خان نے تحصیل ٹیکسلا میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ عوام کے مسائل کے حل اور انکو سہولیات کی فراہمی کیلئے آپسی مشاورت سے حلقہ کی سطح پر انتظامی کمیٹیاں بنارہے ہیں جو عوام سے رابطے اور انکے مسائل سے آگہی میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔ہمیں عوام کے مسائل جاننے اور انہیں حل کرنے کیلئے مربوط اور منظم طریقہ کار اپنانا ہے تاکہ عوام کے اعتماد پر پورا اترا جا سکے۔

عوام سے رابطہ کو مزید بنانے کیلئے ہر ماہ باقاعدگی سے کھلی کچہری کا اہتمام کیا جائیگا۔غلام سرور خان نے کہا کہ ٹیکسلا کی قدیم ثقافت کی نسبت سے گندھارا کے نام سے یونیورسٹی بنا رہے ہیںاور گورونانک سے نسبت کی وجہ سے علاقہ میں مذہبی ٹورازم کو بھی فروغ دیا جارہا ہے۔ ایچ ایم سی روڈ کو دو رویہ بنانے کیلئے ٹینڈرنگ ہو چکی ہے۔اس کے علاوہ علاقہ کی باقی ماندہ سڑکوں کی مرمت کا کام جلد کرایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ واہ جنرل ہسپتال میں 100 بیڈ کا انتظام کرنے کیساتھ ساتھ ہسپتال کیلئے سٹاف اور دوائیوں کے انتظام کو یقینی بنایا جائے گا۔ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال ٹیکسلا کو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا۔علاقہ کے نوجوانوں اور بچوں کو کھیلوں کے مواقع مہیا کرنے کیلئے سپورٹس کمپلیکس بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین کسی بھی ملک کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں اسلئے تحصیل بھر میں بچیوں کی تعلیم و تربیت کیلئے خصوصی سکول و کالجز قائم کئے جائیں گے اور پہلے سے موجود تمام سکول و کالجز کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پی او ایف کوآپریٹو ہاوسنگ سکیم میں ہمارے محنت کش اور مزدور ساتھیوں کو ابھی تک پلاٹس کی الاٹمنٹ نہیں کی گئی جسکی وجہ وہاں پر موجود قبضہ مافیا ھے جس سے کے خلاف بہت جلد ایکشن لیا جائے گا۔ٹیکسلا میں ٹریفک کے مسائل اور بڑھتے ہوئے حادثات کے حوالے سے بات کرتے ھوئے انہوں نے کہا کہ روڈز کے اطراف ناجائز تجاوزات کے خاتمے کو یقینی بنانے کیساتھ ٹیکسلا بائی پاس کی تجویز بھی زیر غور ہے۔انہوں نے کہا کہ علاقہ میں سینیٹیشن، گیس اور بجلی کے مسائل کو جلد حل کرنے کے علاوہ لائیوسٹاک کے کاروبار کے فروغ کیلئے ویٹرنری ہسپتال کو بھی فعال اور اپ گریڈ کیا جائے گا۔وفاقی وزیر غلام سرور خان نے اسسٹنٹ کمشنر آفس ٹیکسلا میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا بھی آغاز کیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات