Live Updates

وزیراعظم کا ترقیاتی منصوبوں میں سندھ حکومت کی مدد کا اعلان

وفاق کراچی اور سندھ میں ترقیاتی منصوبے سندھ حکومت کے ساتھ ملکر لگائے گا، وفاقی حکومت عوام کو درپیش مسائل سے نکالنے کیلئے صوبائی حکومت کی مدد کرنا چاہتی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 18 مارچ 2019 17:22

وزیراعظم کا ترقیاتی منصوبوں میں سندھ حکومت کی مدد کا اعلان
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 مارچ 2019ء) وزیراعظم عمران خان نے کراچی اور سندھ میں ترقیاتی منصوبوں میں صوبائی حکومت کی مدد کا عزم کیا ہے، انہوں نے کہا کہ وفاق کراچی اور سندھ میں ترقیاتی منصوبے سندھ حکومت کے ساتھ ملکر لگائے گا، وفاقی حکومت عوام کو درپیش مسائل سے نکالنے کیلئے صوبائی حکومت کی مدد کرنا چاہتی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے متعلق اجلاس ہوا۔

اجلاس میں سندھ اور کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کی تعمیر کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، معان خصوصی افتخار درانی اور ندیم افضل چن سمیت سیکرٹری خزانہ ودیگر نے شرکت کی۔ کراچی میں گرین لائن منصوبے سمیت ترقیاتی منصوبوں میں پیشرفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کو گرین لائن منصوبے میں ہونے والی پیشرفت اور فعالیت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ گرین ایریاز کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ عوامی مسائل حل کرنے کیلئے سندھ حکومت کی مدد کریں گے۔ منصوبوں کی تکمیل کیلئے وفاق اور سندھ حکومت کا مل کرکام کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کراچی اور سندھ میں ترقیاتی منصوبے سندھ حکومت کے ساتھ ملکر لگائے گا۔ منصوبوں کا مقصد عوام کو درپیش مسائل سے نکالنے کیلئے صوبائی حکومت کی مدد کرنا ہے۔

جس کے لیے کراچی پیکج کی طرح سندھ کو بھی پیکج دینے پر غور کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی منصوبوں کی تعمیر کیلئے لانگ ٹرم منصوبہ بندی کی جائے گی۔ مزید برآں وزیراعظم عمران خان سے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بھی ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں سیاسی صورتحال، پارلیمانی امور اور قانون سازی سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات