Live Updates

بلاو ل نے دو مرتبہ حملہ کیا معاف کر دیا اب تیسری بار حملہ کیا تو کوئی گنجائش نہیں ،مدارس کو ملک کا قلعہ سمجھتا ہوں ‘ شیخ رشید

نواز شریف کو پاکستان کے ہسپتال ، ڈاکٹرز اوردوائیں پسند نہیں ،انکی سوئی صرف اس بات پر اٹکی ہوئی ہے لندن جانا ہے عمران خان کے پاس ڈیل اور ڈھیل کی کوئی گنجائش نہیں،وزیر اعظم30مارچ کو وی وی آئی پی ٹرین جناح ایکسپریس کا افتتاح کرینگے پنشنرزکو پنشن کی بجائے گھروں کے مالکانہ حقوق دینے پر غور کررہے ہیں تاکہ پنشن سے نجات مل جائے‘ وزیر ریلوے کی پریس کانفرنس

پیر 18 مارچ 2019 17:52

بلاو ل نے دو مرتبہ حملہ کیا معاف کر دیا اب تیسری بار حملہ کیا تو کوئی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2019ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بلاو ل بھٹو نے دو مرتبہ حملہ کیا لیکن کچھ لوگوں کی مداخلت پر انہیں معاف کر دیا اب تیسری بار حملہ کیا تو کوئی گنجائش نہیں ،بختاور اور مریم نواز بیٹیوں کی جیسی ہیں ان کی کسی بات کا جواب نہیں دوں گا، اسلامی مدرسوں کا ساتھی ہونا غلط نہیں ،مدارس کو ملک کا قلعہ سمجھتا ہوں ،اگر کوئی مدارس کی طرف بڑھا تو میری لاش سے گزر کر جاناپڑے گا،جب یہ حکمران ہوتے ہیں تو ٹارزن بنے پھرتے ہیں اور جب اپوزیشن میں ہوں تو ٹائیںٹائیں فش ہوجاتی ہے، نواز شریف کو پاکستان کے ہسپتال ، ڈاکٹرز اوردوائیں پسند نہیں او ران کی سوئی صرف اس بات پر اٹکی ہوئی ہے لندن جانا ہے ،عمران خان کے پاس ڈیل اور ڈھیل کی کوئی گنجائش نہیں ،ریلوے پنشنرزکو پنشن کی بجائے گھروں کے مالکانہ حقوق دینے پر غور کررہے ہیں تاکہ پنشن سے نجات مل جائے،وزیراعظم 30مارچ کو لاہور سے وی وی آئی پی ٹرین جناح ایکسپریس کا افتتا ح کریں گے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلو ے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ شیخ رشید نے کہا کہ نوازشریف اور آصف زرداری لیڈر نہیں گیڈر ہیں ،تین بار وزیر اعظم رہنے والا چار دن جیل نہیں کاٹ سکتا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی والوں کوسوفٹ ٹارگٹ چاہیے یہ سخت ٹارگٹ کی طرف منہ نہیں کرتے ، میں بلاول کے بارے میں اپنے الفاظ دہرا دیتا ہوں ، میں نے کہا تھاکہ بلاول بچہ ہے بچ کر کھیلے اگر اس نے ایسا نہ کیا تو سیاسی موت واقع ہو جائے گی ۔

بلاول نے دو بار حملہ کیا لیکن کچھ لوگوں کی مداخلت کی وجہ سے معاف کر دیا لیکن تیسری بار حملہ کیا تو کوئی گنجائش نہیں ، بختاور اور مریم بیٹیوں جیسی ہیں ان کا جواب نہیں دوں گا۔ رشید نے پیپلزپارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ بارے سوال کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی مدرسوں کا ساتھی ہونا غلط نہیں ،مدارس کو ملک کا قلعہ سمجھتا ہوں ،اگر کوئی مدارس کی طرف بڑھا تو میری لاش سے گزر کر جاناپڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی قیادت دولت بچانے کے لئے عزت رسواکررہے ہیں ۔ان کی دولت باہر ہے گھر باہر ہے، اولاد باہر ہے ان کے معاملات باہر ہیں۔ ان کے رنگ پسٹن بیٹھ چکے ہیں، پلگ میں کچرا پھنسا ہوا ہے،نٹ بولٹ لندن میں پڑے ہیں۔شیخ رشید نے ایک بار پھر دعوی کرتے ہوئے کہا کہ میں نے شہباز شریف کواین آر او مانگتے سنا ہے، انہوں نے اپنے لیے این آر او لیا یا نہیں یہ مجھے نہیں پتا لیکن شہبازشریف وکٹ کے دو نوںجانب کھیل رہے ہیں، نوازشریف، مریم اور آصف زرداری کو این آر او مانگتے نہیں سنا، شہباز شریف کے این آر او مانگنے کے معاملے پر مناظرہ بھی کرسکتا ہوں، ہار گیا تو سیاست چھوڑ دوں گا،عمران خان کے پاس ڈیل یا ڈھیل دینے کی کوئی گنجائش نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ راولپنڈی تا کراچی سرسید ایکسپریس کے نام سے نان سٹاپ ٹرین چلانے جارہے ہیں،وزیراعظم 30 مارچ کو لاہور سے وی وی آئی پی ٹرین جناح ایکسپریس کا افتتاح کریں گے، ہم نئی مال گاڑیاں بھی شروع کرنے جارہے ہیں، کمزور طبقے کے لیے ایک نئی اکانومی ٹرین شروع کر نے کا بھی منصوبہ ہے ۔وزیر ریلوے نے بتایا کہ ریلوے میں ریسرچ اینڈ پلاننگ سینٹر بنایا گیا ہے، چین، ایران اور کوریا کے تعاون سے بڑا ریلوے نیٹ ورک قائم کریں گے، کوشش ہے وزیراعظم کے آئندہ دورہ چین میں ایم ایل Iمعاہدے پر دستخط ہوں گے ،ملک بھر میں ریلوے ٹریک کی تبدیلی کے لیے ٹینڈر جاری ہوچکے ہیں، ٹریک تبدیلی منصوبے میں ایک لاکھ افراد کو روزگار ملے گا، 26 مارچ سے پرانی ٹرینوں کو اپ گریڈ کرنے کے لیے ٹینڈر دے رہے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ کہ درگئی سے کراچی ریلوے لنک جوڑنے جارہے ہیں، درگئی سے نوشہرہ، کوہاٹ ریلوے لنک بھی قائم کررہے ہیں، لاہور، فیصل آباد، سکھر، ملتان، حیدرآباد اور کراچی شٹل سروس شروع کررہے ہیں۔شیخ رشید نے بتایا کہ انجنوں میں ایل این جی کے استعمال کی کوشش کررہے ہیں اگر یہ تجربہ کامیاب رہا تو اس سے ایندھن کی مد میںبجٹ 18ارب سے 9سے 10ارب پر آ جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایران کا وفد پاکستان آیا ہوا ہے ، ہم ریل کے معاملات کو آگے بڑھا رہے ہیں ،تفتان سے کوئٹہ تک سٹینڈرڈ گیج پرٹریک ڈالیں گے۔انہوں نے بتایا کہ چین کے مسترد شدہ انجنوں میں سے 5لوکوموٹیو انجن کو ٹھیک کروائیں گے ،اگر اوور سیز پاکستانیز اپنے انجن لے آئیں تو خالی ٹریک دینے کیلئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ رواں سال ریلوے کا خسارہ نمایاں طور پر کم ہوگا، 20 ٹرینیں 6 ماہ میں چلائیں اور 20 مزید چلیں گی،کمزور طبقے کے لیے بھی ایک نئی ٹرین شروع کر رہے ہیں، نئی ٹرین چھوٹے ریلوے اسٹیشنوں پر بھی رکے گی۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے کی آمدنی بہتر ہے ،وزیر خزانہ صورتحال دیکھ رہے ہیں، ہم نے ایک مرلہ زمین بیچی اور نہ ہی کرائے پر دی ہے، کروڑوں روپے کے تیل کی بچت کی، میری خواہش ہے ریلوے اپنا بجٹ خود پیش کرے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات