Live Updates

نیا پاکستان ہر قسم کی آلودگی سے پاک اور سرسبز ہو گا،کلین اینڈ گرین پاکستان سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش مقام بنے گا‘اسلم اقبال

آلودگی سے پاک اور صاف ستھرے ماحول کی فراہمی کیلئے معاشرے کو اجتماعی سوچ کے ساتھ آگے بڑھنا ہو گا‘صوبائی وزیر صنعت وتجارت

پیر 18 مارچ 2019 17:52

نیا پاکستان ہر قسم کی آلودگی سے پاک اور سرسبز ہو گا،کلین اینڈ گرین ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2019ء) صوبائی وزیر صنعت وتجارت میا ں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ نیا پاکستان ہر قسم کی آلودگی سے پاک اور سرسبز ہو گا۔کلین اینڈ گرین پاکستان سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش مقام بنے گا۔وزیراعظم عمران خان نے اقتدار سنبھالتے ہی کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کا آغاز کیا اور آئندہ پانچ سالوںمیں ملک بھر 10ارب درخت لگائے جائیں گے۔

شہروں،قصبوں اور دیہاتوں کو صاف ستھرا بنایا جائے گا اور اپنی اپنے آنے والی نسلوں کو صاف اور سرسبز پاکستان دیں گے۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیرصنعت وتجارت میاںاسلم اقبال نے ڈسٹرکٹ کونسل ہال پاک پتن میںہفتہ صفائی و شجرکاری مہم کے تحت منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ صاف اور سرسبز پاکستان تحریک انصاف کے منشور کا اہم حصہ اور حکومتی ترجیحات میں سر فہرست ہے۔

(جاری ہے)

صاف اور سرسبز پاکستان کے مشن کی تکمیل کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔صاف ستھرا ماحول ہر شہری کا بنیاد حق ہے اور ہماری حکومت عوام کے تعاون سے یہ حق اسے ضرور دے گی۔آلودگی سے پاک اور صاف ستھرے ماحول کی فراہمی کے لئے معاشرے کو اجتماعی سوچ کے ساتھ آگے بڑھنا ہو گا۔انہوں نے کہاکہ گندگی کے ڈھیر بیماریاں پھیلانے کا باعث بنتے ہیں جن سے ہسپتالوں پر مریضوںکا بوجھ بڑھتا ہے۔

شہری خود بھی اپنی ذمہ داریوںکا احساس کرتے ہوئے صاف اور سرسبز پاکسان کی مہم میں حکومت کا ساتھ دیں۔انہوں نے کہا کہ 18مارچ سے 23مارچ تک پنجاب میں ہفتہ صفائی وشجرکاری منایا جارہاہے اور یونین کونسل کی سطح تک صفائی اور شجرکاری مہم چلائی جائے گی۔معاشرہ کے ہر فرد کو اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہے اور ماحول کو آلودگی سے پاک کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

بعدازاںصوبائی وزیر آگاہی واک کی قیادت کی جس میں تمام محکموںکے افسران،سیاسی عمائدین اور شہریوںکی بڑی تعداد نے شرکت کی۔واک دفتر ضلع کونسل سے شروع ہو کر خواجہ بختیار کاکی چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔صوبائی وزیر نے ضلع کونسل سبزہ زار میں مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ پودا لگانے کے ساتھ اس کی دیکھ بھال اور حفاظت بھی ضروری ہے۔میاں اسلم اقبال نے بابا فرید شکر گنج ؒ کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔صوبائی وزیر نے فاتحہ خوانی کی اور ملک وقوم کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا بھی کی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات