پی ایس ایل کے فائنل میچ کے کامیاب انعقاد سے پرامن پاکستان جیت گیا اور امن دشمن ہار گئے‘عثمان بزدار

قومی ایونٹ کو کامیاب بنانے میں پاک فوج، رینجرز ،پولیس، سکیورٹی اداروں اور متعلقہ محکموں کی کاوشیں لائق تحسین رہیں اداروں کی دن رات کی محنت کا نتیجہ ہے کہ میگا ایونٹ کامیابی سے ہمکنار ہوا ،فائنل میچ کے کامیاب انعقاد سے نئی تاریخ رقم ہوئی ہے‘وزیراعلیٰ پنجاب

پیر 18 مارچ 2019 18:09

پی ایس ایل کے فائنل میچ کے کامیاب انعقاد سے پرامن پاکستان جیت گیا اور ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے پاکستان سپر لیگ فور کے کامیاب انعقاد پر پوری قوم کو مبارکباد یتے ہوئے کہاہے کہ پی ایس ایل کے فائنل میچ کے کامیاب انعقاد سے پرامن پاکستان جیت گیا اور امن دشمن ہار گئے،قومی ایونٹ کو کامیاب بنانے میں پاک فوج، رینجرز ،پولیس، سکیورٹی اداروں اور متعلقہ محکموں کی کاوشیں لائق تحسین رہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہا ہے کہ تمام اداروں کی دن رات کی محنت کا نتیجہ ہے کہ میگا ایونٹ کامیابی سے ہمکنار ہوا ۔پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ کے کامیاب انعقاد سے نئی تاریخ رقم ہوئی ہے۔امن دشمنوں پرواضح ہو گیا ہے کہ پاکستان کی بہادر قوم کا عزم زیادہ مضبوط ہے۔ محب وطن پاکستانیوں کا جذبہ لائق تحسین ہے۔

(جاری ہے)

میچ میں عوام کے جوش وخروش سے واضح ہوگیا ہے کہ دشمن امن پسند قوم کو خوفزدہ نہیں کرسکتا۔

فائنل میچ کے کامیاب انعقاد نے قوم کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر دی ہیں۔ امید ہے کہ اب پاکستان میں برسوں سے ویران پڑے سٹیڈیمز کی رونقیں بحال ہوں گی۔ کرکٹ کے کھیل سے محبت رکھنے والوں کو فائنل میچ سے پرامن ماحول میں لطف اندوز ہونے کا موقع ملا۔ فائنل میچ میں شائقین کا جوش وجذبہ اور نظم و ضبط قابل تعریف رہا ۔ مجھے کوئٹہ اور پشاور کے کھلاڑیوں کی پرفارمنس دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ احسان مانی نے محنت سے پی ایس ایل کو کامیاب بنایا ۔پاکستان آمد پر غیر ملکی کھلاڑیوں کا تہہ دل سے شکرگزار ہوں۔ پاکستانی قوم کے حوصلے اور جذبے مزید بلند ہوئے ہیں۔پاکستانی قوم پرامن اور کھیلوں سے محبت کرتی ہے۔