Live Updates

وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب کی ملاقات

وزیراعظم کا تنخواہوں میں اضافے پراظہار برہمی، وزیراعلیٰ کی وزیراعظم کو اپنی تنخواہ، مراعات کے فیصلے پر وضاحت، ملاقات میں وزراء، ارکان اسمبلی کی تنخواہوں اور حکومتی امور سے متعلق بھی بات چیت کی گئی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 18 مارچ 2019 18:11

وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب کی ملاقات
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 مارچ 2019ء) وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملاقات کی ، جس میں ارکان اسمبلی کی تنخواہوں اور مراعات کے بل سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے آج وزیراعظم آفس میں وزیراعلیٰ پنجاب نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پنجاب کے سیاسی اور انتظامی معاملات سمیت وزراء ،ارکان اسمبلی کی تنخواہوں اور مراعات سے متعلق بات چیت کی گئی۔

بتایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وزیراعظم کو اپنی تنخواہ اور مراعات کے فیصلے پربھی وضاحت پیش کی۔واضح رہے گزشتہ دنوں پنجاب اسمبلی نے وزراء ، ارکان اسمبلی اور وزیراعلیٰ پنجاب کی تنخواہوں اور مراعات کا بل منظور کیا تھا۔بل کی منظوری پرعوام نے سوشل میڈیا پر خوب تنقید کی۔

(جاری ہے)

جس پر وزیراعظم عمران خان نے معاملے پر نوٹس لیتے ہوئے گورنر پنجاب کو بل پر دستخط کرنے سے روک دیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کوعمر بھر کیلئے گھر دینے کا فیصلہ درست نہیں، لائف ٹائم مراعات کا دورانیہ زیادہ سے زیادہ 3 ماہ کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ہدایت کی ہے کہ بل کو دوبارہ ایوان میں پیش کیا جائے اور وزیراعلیٰ کولائف ٹائم گھر جیسی مراعات دینے کے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے، اسی طرح وزیراعلیٰ پنجاب بل کو دوباری ایوان میں پیش کریں۔

واضح رہے پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے رکن غضنفرعباس چھینہ نے پنجاب عوامی نمائندگان ترمیمی بل 2019ء پیش کیا جس کی منظوری قائمہ کمیٹی برائے قانون نے دی اور یوں بل 24 گھنٹے کے اندر منظور بھی ہوگیا۔ بل کے تحت ارکانِ اسمبلی کی تنخواہ اور مراعات 83 ہزار ماہانہ سے بڑھ کر ایک لاکھ 92 ہزار روپے ہوگئی، بنیادی تنخواہ 18 ہزار سے بڑھا کر 80 ہزارروپے ماہانہ، ڈیلی الاؤنس 1 ہزار سے بڑھا کر 4 ہزار، ہاؤس رینٹ 29 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار، یوٹیلیٹی الاؤنس 6 ہزار سے بڑھا کر 20 ہزار روپے اور مہمان داری الاؤنس 10 ہزار سے بڑھا کر 20 ہزار روپے کردیا گیا۔ اسی طرح وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے لائف ٹائم لاہور میں سرکاری رہائش سمیت دوسری مراعات شامل تھیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات