پاک عرب ہائوسنگ سوسائٹی میں کرپشن کیس میں ملزم غلام مرتضیٰ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15 روز کی توسیع

پیر 18 مارچ 2019 20:05

پاک عرب ہائوسنگ سوسائٹی میں کرپشن کیس میں ملزم غلام مرتضیٰ کے جوڈیشل ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مارچ2019ء) پاک عرب ہائوسنگ سوسائٹی میں 18ارب روپے کے کرپشن کیس میں عدالت نے ملزم غلام مرتضیٰ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15 روز کی توسیع کردی۔احتساب عدالت نے کیس پر سماعت 2 اپریل تک ملتوی کر دی ۔ ملزم ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر میجر (ر) غلام مرتضی کو 16 روزہ جوڈیشل ریمانڈ کے بعد جیل سے لا کر عدالت میں پیش کیا گیا ۔

(جاری ہے)

ملزم پر عوام کو دھوکہ دہی اور مرکزی ملزم سے ملی بھگت کے ذریعے مجموعی طور پر 18 ارب کی کرپشن میں مدد گار ہونے کا الزام ہے۔ نیب کا کہنا ہے کہ پاک عرب ہائوسنگ سوسائٹی کاایل ڈی اے سے تاحال این او سی جاری نہیں ہوا تاہم ملزم کی جانب سے 8500 فائلیں غیرقانونی طور پر فروخت کر دی گئیں۔ ملزم غلام مرتضیٰ مبینہ طور پر بیرون ملک فرار ہوا تھا جسے واپسی پر گرفتار کیا گیا۔پاک عرب ہائوسنگ سوسائٹی کا مرکزی ملزم نیب سے معاملات طے کر چکا ہے ۔نیب سے معاملات طے ہونے پر ملزم کا جسمانی ریمانڈ ختم کرتے ہوئے اسے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا ۔جس کے بعد ملزم نے ہائیکورٹ سے اپنی درخواست ضمانت منظور کروا لی تھی۔