پشاور، ڈاکٹر معاشرے میں خصوصی اہمیت رکھتے ہیں،شاہ فرمان

انہیں اپنے معزز اورباوقار پیشہ کے ساتھ انصاف کرناچاہئیے اوربغیر کسی لالچ وکاروبار کے انسانیت کی خدمت کرنی چاہئیے،گورنرخیبرپختونخوا

پیر 18 مارچ 2019 22:06

پشاور، ڈاکٹر معاشرے میں خصوصی اہمیت رکھتے ہیں،شاہ فرمان
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مارچ2019ء) گورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان نے کہاہے کہ ڈاکٹر معاشرے میں خصوصی اہمیت رکھتے ہیں۔ انہیں اپنے معزز اورباوقار پیشہ کے ساتھ انصاف کرناچاہئیے اوربغیر کسی لالچ وکاروبار کے انسانیت کی خدمت کرنی چاہئیے۔ یہ بات انہوں نے پیرکے روز خیبرمیڈیکل کالج پشاور کے کانووکیشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کی۔

اس موقع پر گورنرخیبرپختونخوا نے خیبرمیڈیکل کالج سے فارغ التحصیل ہونے والے 2016 اور 2017 کے گریجویٹس میںڈگری سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیں اور امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے گریجویٹس ڈاکٹر کو گولڈ میڈلز بھی دیے۔ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے گورنرخیبرپختونخواشاہ فرمان کا کہناتھاکہ شعبہ صحت کی بہتری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

(جاری ہے)

عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی بنیادی ذمہ داریوں میں شامل ہے، شعبہ صحت سے منسلک افراد اپنے پیشہ کو صرف اور صرف انسانیت کی خدمت سمجھیں تب ہی وہ عوام کا دردسمجھ کر بہترین معالج بن سکتے ہیں۔ گورنرخیبرپختونخوانے گریجویٹس ڈاکٹرز کومبارک باددیتے ہوئے کہاکہ وہ خوش قسمت ہیں کہ انہوں نے خیبرمیڈیکل کالج جیسے تاریخی تعلیمی ادارہ سے ڈگری حاصل کی ہے اور معاشرے کے ایک باوقار طبقہ میں شامل ہوگئے ہیں۔

گریجویٹس ڈاکٹرز کی عمدہ کارکردگی پر دلی مسرت ہوئی اور اس امید کا اظہارکرتاہوں کہ گریجوٹس ڈاکٹرز اب اپنی عملی زندگی میں اپنے شعبہ کے ساتھ انصاف کریں گے اور شعبہ صحت میں اپنی خدمات بہترانداز سے انجام دیں گے۔ انہوں نے اس موقع پر کالج انتظامیہ کو بھی بہترین کارکردگی پرسراہااور اس توقع کا اظہارکیا کہ خیبرمیڈیکل کالج مستقبل میں بھی اپنا مقام ایسے برقرار رکھے گا۔ اس موقع پر خیبرمیڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرارشدجاوید، ڈین خیبرمیڈیکل کالج پروفیسرڈاکٹر نورالامین کے علاوہ دیگرفیکلٹی اراکین کے ساتھ ساتھ طلباء اور ان کے والدین کی کثیرتعداد موجود تھی۔#

متعلقہ عنوان :