خیبر پختونخوا کے سلمان نے پہلی ناظم پشاور شطرنج چمپئن شپ جیت لی

پیر 18 مارچ 2019 22:45

خیبر پختونخوا کے سلمان نے پہلی ناظم پشاور شطرنج چمپئن شپ جیت لی
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2019ء) پہلی ڈسٹرکٹ ناظم شطرنج چیمپئن شپ خیبر پختونخوا نے جیت لی۔گورنمنٹ کالج میں منعقدہ مقابلوں میں خیبر پختونخواکے مختلف اضلاع سمیت ملک بھر سے مرد وخواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔افتتاح کے موقع پر رنگارنگ تقریب مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر پشاور ڈاکٹر عمران حامد شیخ تھے جنہوں نے باقاعدہ ایونٹ کا افتتاح کیا جبکہ اختتامی تقریب کے موقع پر ناظم پشاور محمد عاصم خان مہمان خصوصی تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور نقد انعامات تقسیم کئے پہلی دس پوزیشن حاصل کرنیوالے کھلاڑیوں میں نقد انعامات بھی تقسیم کئے گئے‘ انکے ہمراہ گورنمنٹ کالج پشاور کے پرنسپل شریف گل ، ریجنل سپورٹس آفیسر پشاور جمشیدخان بلوچ،اسسٹنٹ سپورٹس آفیسر حاجی عالمزیب خان ، ہائیرایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس عبدالرشید انور،صوبائی سپورٹس بورڈ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر حامد خان،صوبائی تھروبال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری اور گورنمنٹ کالج پشاور کے ڈائریکٹر سپورٹس ارشدحسین ،پاکستان چیس فیڈریشن( سلیم گروپ )کے صدر عبدالسلیم، سیکرٹری وقار احمد مدنی، ڈسٹرکٹ ممبر وسیم اکرم ‘ڈسٹرکٹ سپورٹس کمیٹی کے چیئرمین مینا خان آفریدی ‘صوبائی چیس ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر ندیم ،سیکرٹری جنرل عمر خان ‘ایڈمن آفیسر ارشاد خان سمیت کثیر تعدادمیں دیگر شخصیات بھی موجود تھیں ۔

(جاری ہے)

ضلع ناظم محمد عاصم خان کی ہدایت پر ریجنل سپورٹس آفیسر جمشید بلوچ کے زیر اہتمام گورنمنٹ کالج پشاور میں مقابلے منعقد کروائے ‘ ایونٹ میں پشاور اور صوبے کے مختلف اضلاع سمیت راولپنڈی،لاہور،فیصل آباد،کراچی‘کوئٹہ ‘گوجرانوالہ‘مردان ‘صوابی ‘بہاولپور سمیت ملک بھر سے 70 سے زائد مرد وخواتین کھلاڑی شریک ہوئے ،ایونٹ ایف آئی ڈی ای ریٹیڈ کے تحت منعقد ہوا جس کی انعامی رقم پچاس ہزار روپے تھی‘ایونٹ میں خیبر پختونخوا(صوابی) کے سلمان خان نے ٹائٹل اپنے نام کیا ‘کراچی کے شاہ زیب نے دوسری اور لاہور کے عمیر نے تیسری پوزیشن حاصل کی‘تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ناظم پشاور محمد عاصم خان نے ملک بھر سے آئے ہوئے کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کیا انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواکاخطہ کھیلوں کے حوالے سے کافی زرخیز ہے اس مٹی نے ماضی اور حال میں کئی سپوت پیداکئے ہیں ،جنہوںنے نہ صرف ملکی بیلکہ بین الاقوامی سطح پر نام روشن کیاہے ‘انہوں نے کہاکہ ضلعی سطح پر کھیلوں کی ترقی میںریجنل سپورٹس آفیسرجمشیدخان بلوچ کی کاوشیں لائق تحسین ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی شطرنج کے مقابلوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور وقتافوقتا دیگر کھیلوں کے ساتھ شطرنج کے کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کرتے رہیں گی․۔