خواجہ عمران کا نیوزی لینڈ میں فائرنگ کے نتیجہ میں شہید ہونیوالے لاہور کے سہیل شہزاد کے گھر جاکر اظہار تعزیت

عالمی برادری مسلمانوں کو دہشتگردی سے بچانے اور مستقبل میں ایسے سانحات کے سد باب کیلئے مشترکہ حکمت عملی بنائے‘خواجہ عمران نذیر

پیر 18 مارچ 2019 22:54

خواجہ عمران کا نیوزی لینڈ میں فائرنگ کے نتیجہ میں شہید ہونیوالے لاہور ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2019ء) پاکستان مسلم لیگ ن لاہور کے جنرل سیکرٹری و رکن پنجاب اسمبلی خواجہ عمران نذیر نے نیوزی لینڈ میں کرائس چرچ کی مسجد میں ہونے والی فائرنگ کے نتیجہ میں شہید ہونے والے لاہور کے رہائشی سہیل شہزاد کے گھر واقع محمد دین کالونی شالا مارباغ میںجا کر ان کے بھائی نبیل شاہد اور عقیل شاہد سے تعزیت کی۔

انہوں نے اس افسوسناک واقعہ پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ۔اور انہیں ہر قسم کی سپورٹ کا بھی پارٹی کی طرف سے یقین دلایا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ان کے ہمراہ یو سی چیئر مین شفقت علی ،میاں عمر ،ملک عبدالغفارکونسلر، رانا جمیل،عدنان بٹ سمیت دیگر بھی تھے۔ اس موقع پر خواجہ عمران نذیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ میں دو مساجد میں دہشت گردی کی مذمت کی اور کہا کہ کرائسٹ چرچ کی مساجد میں نماز جمعہ کے وقت دہشت گرد انہ حملے میں متعدد افراد کی شہادت پر دلی رنج ہوا ہے، اس واقعہ پر فوری طور پر او آئی سی کا اجلاس طلب کرکے مسلمانوں کی حفاظت اور انہیں دہشت گردی سے بچانے کی حکمت عملی طے کی جائے اور مستقبل میں ایسے سانحات کے سد باب کیلئے عالمی برادری کو مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر زور دیا جائے۔