Live Updates

نیوزی لینڈ واقعہ پر عمران خان اور طیب اردگان کے بیانات اُمت مسلمہ کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہیں‘صمصام بخاری

وفاق اور پنجاب میں اختلافات کے باوجود اپوزیشن لیڈر کو پی اے سی کا چیئرمین بنادیا گیا، سندھ میں کیوںنہیں‘صوبائی وزیر اطلاعات

پیر 18 مارچ 2019 23:20

نیوزی لینڈ واقعہ پر عمران خان اور طیب اردگان کے بیانات اُمت مسلمہ کے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2019ء) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب سید صمصام علی بخاری نے نیوزی لینڈ کے دلسوز واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلمانوں نے امن کے لیے جتنا خون دیا ہے دنیا میں کسی اور نے نہیں دیا۔ انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور صدر طیب اردگان کے نیوزی لینڈ دہشت گردی سے متعلق بیانا ت نہ صرف قابل ستائش ہیں بلکہ اُمت مسلمہ کے جذبات کی صحیح ترجمانی کرتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ دہشت گرد کا کوئی مذہب نہیں ہوتا وہ انسانیت کا سب سے بڑا دشمن ہوتا ہے اور دہشت گردی میں سب سے ذیادہ پاکستان متاثر ہوا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے گورنر ہائوس کراچی میں پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے سندھ اسمبلی کے اراکین سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اراکین سندھ اسمبلی جمال صدیقی ، سعید خان آفریدی اور عزیز آفریدی بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیرنے کہا کہ پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد نے دنیا کو ایک اچھا پیغام دیا ہے اور اس کا کریڈیٹ کراچی کے عوام اور سیکیورٹی ایجنسیوں کو جاتا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وفاق اور پنجاب میں پبلک اکائونٹس کمیٹی کی سربراہی اُن شخصیات کو دی گئی جن کے خلاف مختلف عدالتوں میں مقدمات چل رہے ہیں لیکن سندھ میں پی اے سی کی سربراہی اپوزیشن کو دینے کے معاملے میں پیپلزپارٹی کا رویہ قابل افسوس ہے حالانکہ یہ پارٹی چارٹر اف ڈیموکریسی کی دعوے دار ہے ۔

صمصام بخاری نے کہا کہ ان کے کراچی کے دورے کا مقصد پنجاب اور سندھ کی ثقافت کو پروان چڑھانے کے لیے اراکین سے مشاورت کا عمل جاری کرنا تھا۔ انہوںنے کہا کہ سندھ صو فیا کی دھر تی ہے اور تاریخی اعتبار سے اس کی بہت اہمیت ہے تاہم دونوں صوبوں کی مشترکہ ثقافتی قدروں کو یکجا کرکے ہم دنیا کو سافٹ امیج کا بہتر پیغام بھیج سکتے ہیں جس کی بدولت پاکستان کی معیشت میں بہتری آئے گی اور سیرو سیاحت کے شعبہ کو استحکام ملے گا۔

انہوںنے مزید کہا کہ سندھ اور پنجاب کی ثقافت کو اُجاگر کرنے کے لیے لاہور میں کلچرل کانفرنس منعقد کی جائے گی جس میں دانشوروں ، قلمکاروں، شعراء اور ادیبوں سمیت معاشرہ کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو مدعو کیا جائے۔ ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ اراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافہ کے بل کی ٹائمنگ غلط ہوسکتی ہے لیکن تقابلی اعتبار سے سندھ ، کے پی کے اور بلوچستان کے اراکین سے کم ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات