سیالکوٹ ، بدقسمتی سے جب بھی ہفتہ صفائی منایا جاتا ہے صورتحال پہلے سے مزید بدتر ہوتی جا رہی ہے، چودھری محمد اخلاق

کرپشن اور بدعنوانی نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کردی ہیں،ہر شخص کو اپنے اپنے گریبانوں میں جھانکنا ہوگا اور خود احتسابی کو زندگی میں شامل کرنا ہوگا،صوبائی وزیر اسپیشل ایجوکیشن پنجاب

پیر 18 مارچ 2019 23:34

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مارچ2019ء) صوبائی وزیر اسپیشل ایجوکیشن پنجاب چودھری محمد اخلاق نے کہا ہے کہ امیر اور غریب کے بچے ایک ہی فضاء میں سانس لے رہے ہیں فضاء آلودہ ہو رہی ہے اور صفائی ستھرائی کے حالت دن بدن خراب ہوتی جارہی ہے، بدقسمتی سے جب بھی ہفتہ صفائی منایا جاتا ہے صورتحال پہلے سے مزید بدتر ہوتی جا رہی ہے اور زیادہ گند پڑ جاتا ہے، باہر کی صفائی کیلئے ضروری ہے کہ ہم اندر سے صاف ہوں،کرپشن اور بدعنوانی نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کردی ہیں اس ناسور کے خاتمہ کیلئے ہر شخص کو اپنے اپنے گریبانوں میں جھانکنا ہوگا اور خود احتسابی کو زندگی میں شامل کرنا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی انتظامیہ سیالکوٹ کے زیر اہتمام گورنمنٹ علامہ اقبال کالج برائے خواتین سیالکوٹ کے اصغر سودائی آڈیٹوریم میں افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سیالکوٹ منور حسین لنگڑیال، اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ چوہدری احمد سعید منج, ڈی ڈی کالجز سیالکوٹ پروفیسر رشید احمد بھٹی, سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی یونس وڑائچ, ڈی ایم او ظہیر لیاقت،، فارسٹ آفیسر، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی ،ضلع کونسل،میونسپل کارپوریشن سمیت دیگر سرکاری محکموں کے مقامی حکام اور طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

صوبائی وزیر خصوصی تعلیم پنجاب چودھری محمد اخلاق نے کہا کہ اس وقت پوری امت مسلمہ پریشانی اور زبوں حالی کا شکار ہے ان مسائل اور چیلنجز سے نکلنے کیلئے نئی نسل کردار سازی کرنے ہوگی بچوں کو اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی تربیت پر توجہ دینی ہونگی، رزق حلال کو اپنانا ہوگا، کاش ہم کسی تخلیقی کام کیلئے اکٹھے ہوں ناکہ جھاڑو مارنے کیلئے اکٹھا ہونا پڑے،22کروڑ عوام ہجوم بن چکی ہے ویژن کا فقدان نظر آتا ہے ۔

اللہ ہمیں دھرتی اور مٹی کی قدر کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ ویسٹرن کلچر زہر قاتل ہی. انہوں نے کہا موبائل فون کا استعمال مثبت کریں اور اسٹڈی کے ساتھ ساتھ ملک کے سیاسی نظام پر گفتگو کیا کریں میری خواہش ہے کہ ہر بچے کی اپنا نظریہ ہونا چاہئے اور اگلے الیکشن میں وہ اس قابل ہو سکیں کہ نظریہ کی بنیاد پر ووٹ کاسٹ کریں۔

معاشرتی اور اقتصادی بدتری سے نکلنے کیلئے سیاسی ڈھانچہ اور نظام کو مضبوط بنانا ہوگا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ منور حسین لنگڑیال نے کہا کہ ضلع سیالکوٹ میں آج 18مارچ سے صوبہ بھر کی طرح سیالکوٹ میں بھی ہفتہ صفائی کا آغاز کردیا گیا، ہفتہ صفائی کے پہلے روز افتتاح کے علاوہ ضلعی ہیڈ کوارٹر ز میں آگاہی سیمینارز کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں عوامی نمائندے ، سول سوسائٹی ، اساتذہ ، طالب علموں اور میڈیا کے نمائندگان شرکت کررہے ہیں۔

اے ڈی سی جنرل منور حسین نے کہاکہ پروگرام کے مطابق 19مارچ کو تمام سرکاری سکولوں اور کالجز میں تقریری مقابلہ جات اور آگاہی سیشنز کا انعقاد کیا جائے گا۔ 20مارچ کو محکمہ اسپیشلائزڈ/پرائمری ہیلتھ اور پی ڈبلیو ڈی کے زیر اہتمام تمام ٹیچنگ ہسپتالوں، ڈی ایچ کیو، ٹی ایچ کیو ، آر ایچ سی اور بی ایچ یو میں صفائی، ستھرائی اورہاتھ دھونے کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے آگاہی سیمینارز منعقد ہونگے جبکہ سینی ٹیشن مہم کا بھی معائنہ بھی کیا جائے گا۔

21مارچ کو سول سوسائٹی آرگنائزیشن، این جی اوز ، سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ ، ریسکیو1122،محکمہ انسانی حقوق اوراوقاف کے اشتراک سے آگاہی واکس اور تقاریریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ 22 اور23مارچ کو صوبہ ،ضلع اور تحصیل کی سطح پر صفائی ستھرائی مہم کے سلسلہ میں مختلف تقاریریب منعقد ہونگی۔انہوں نے کہا کہ ہفتہ صفائی مہم کی مانیٹرنگ کی ذمہ داری صوبائی وزیر چودھری محمد اخلاق کو حکومت پنجاب نے سونپی ہے اس کے علاوہ محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے اسپیشل سیل اور ڈیش بورڈ ڈیویلپڈ کردیا ہے جس پر ضلع سیالکوٹ صفائی ستھرائی مہم کے سلسلہ میں کی جانے والے تمام سرگرمیاں روزانہ کی بنیاد پر اپ لوڈ کی جائیں گی جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ، صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ اور چیف سیکرٹری پنجاب براہ راست مانیٹر کریں گے۔

انہوں نے مزید کہاکہ اس مہم کے دوران لوکل گورنمنٹ جن میں ضلع کونسل ، میونسپل کارپوریشن /کمیٹیاں اور سالٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اپنی اپنی حدود میں سڑکوں کے کناروں سے کوڑا کی ڈھیروں کو ختم کرنے کیلئے بھرپور مہم چلائیں۔ قبل ازیں صوبائی وزیر چودھری محمد اخلاق نے سبزہ زار میں پودا بھی لگایا گیا اور ملکی ترقی اور سلامتی اور استحکام کیلئے دعا کی گئی۔