Live Updates

حکومت ریاست اورشہری کے درمیان رشتے کو مضبوط اورمستحکم بنانے کیلئے اقدامات کررہی ہے، افتخار درانی

وزیراعظم پرفارمنس ڈیلیوری یونٹ کے حوالے سے شہریوں کا ردعمل انتہائی حوصلہ افزاء ہے، اب تک اس نظام کے ذریعے 5لاکھ 39 ہزار شکایات کا اندراج ہواہے، ان میں سے 3لاکھ 82 ہزارشکایات کا ازالہ کیا گیا، میڈیا سے گفتگو

پیر 18 مارچ 2019 23:40

حکومت ریاست اورشہری کے درمیان رشتے کو مضبوط اورمستحکم بنانے کیلئے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2019ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا افتخاردرانی نے کہا ہے کہ حکومت ریاست اورشہری کے درمیان رشتے کو مضبوط اورمستحکم بنانے کیلئے اقدامات کررہی ہے، وزیراعظم پرفارمنس ڈیلیوری یونٹ کے حوالے سے شہریوں کا ردعمل انتہائی حوصلہ افزاء ہے، اب تک اس نظام کے ذریعے 5لاکھ 39 ہزار شکایات کا اندراج ہواہے، ان میں سے 3لاکھ 82 ہزارشکایات کا ازالہ کیا گیا۔

وہ پیر کویہاں وزیراعظم آفس میں وزیر اعظم پرفارمنس ڈیلیوری یونٹ کے ڈپٹی سیکرٹری عادل سلیم صافی کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دہے تھے۔افتخادرانی نے کہاکہ دنیاء کے بیشترممالک میں شکایات کے ازالہ کیلئے جو نظام یا طریقہ کاروضع کیا جاتا ہے اس میں ٹیکنالوجی کو ترجیح دے جارہی ہے کیونکہ شکایات کے ازالے کا یہ نظام شفاف ہونے کے علاوہ موثر بھی ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم پرفارمنس ڈیلیوری یونٹ (پی ایم ڈی یو) کے حوالے سے شہریوں کا ردعمل انتہائی حوصلہ افزاء ہے اورشہریوں کی اکثریت نے اس پر اپنے اطمینان کا اظہارکیاہے۔یہ چیک اینڈ بیلنس کی خصوصات کا حامل نظام ہے۔وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہاکہ تحریک انصاف بشمول وزیراعظم عمران خان حکومت کو عوام کو جواب دہ سمجھتے ہیں، وزیراعظم پرفارمنس ڈیلیوری یونٹ جواب دہی کے نظام کی شروعات ہیں اور اس پرعوامی ردعمل حوصلہ افزاء ہے، پی ایم ڈی یو کے ذریعے ریاست اورشہری کے درمیان تعلق کو مضبوط بنانے پر یقین رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ شکایات کے اس نظام کے ذریعے شکایات کااندراج آسان بنایا گیاہے، خدمات اورٹیکنالوجی موثر ثابت ہورہی ہے، خدمات میں بہتری لانے پرتوجہ دی جارہی ہے، اس نظام کے ذریعے شہریوں کیلئے تصویر، ویڈیو یا آواز کے زریعے شکایت درج کرانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کئی مواقع ایسے آئے ہیں کہ کسی ایک شکایت کے جواب میں متعلقہ ادارے یا محکمے کی کارروائی سے شکایت کنندہ کے علاوہ سینکڑوں دیگر شہریوں کو فائدہ پہنچا ہے۔

ایک سوال پرانہوں نے کہاکہ وزیراعظم پرفارمنس ڈیلیوری یونٹ کا ڈھانچہ اورعملہ سادہ اورمختصر ہے تاہم خدمات کی فراہمی بہت بہتر ہے اوراس میں وقت کے ساتھ ساتھ مزید بہتری لارہے ہیں۔قبل ازیں وزیر اعظم پرفارمنس ڈیلیوری یونٹ کے انچارج و ڈپٹی سیکرٹری عادل سلیم صافی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ موجودہ حکومت نے وزیر اعظم پرفارمنس ڈیلیوری یونٹ کے دائرہ کار کو پھیلادیاہے اوراس یونٹ کو عوامی مسائل کے حل کیلئے ایک اچھا فورم بنا دیا گیاہے کیونکہ اس میں جواب دہی کا ایک نظام موجود ہے۔

انہوں نے کہاکہ پی ایم ڈی یو کیلئے کوئی بھرتی نہیں کی گئی بلکہ وزیراعظم آفس کے عملہ سے مہارت اورتجربہ کے مطابق اہلکاروں کاچنائو کیا گیا ، اس وقت یونٹ میں کام کرنے والے عملہ کی تعداد 18 ہے جس میں آئی ٹی کا عملہ بھی شامل ہے،وزیر اعظم پرفارمنس ڈیلیوری یونٹ کیلئے جو سافٹ وئیرتیارکیا گیاہے عام طورپرمارکیٹ میں اس کی قیمت 3 کروڑ روپے ہے تاہم اس پر اخراجات نہیں آئے ہیں، یہ ایسا سافٹ وئیر ثابت ہوا کہ اس نے دبئی میں منعقدہ ورلڈ گورنمنٹس سمٹ میں عوامی شکایات اورخدمات کی فراہمی کیلئے حکومتی سافٹ وئیرز کے مقابلے میں دوسری پوزیشن حاصل کی اورانشاء اللہ آئندہ سمٹ میں ہم پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم پرفارمنس ڈیلیوری یونٹ کیلئے جو سافٹ وئیرتیارکیا گیاہے وہ بہت سادہ اورآسان ہے اورشہری سہولت کے ساتھ کم سے کم وقت میں اپنی شکایت درج کراسکتاہے۔وزیر اعظم پرفارمنس ڈیلیوری یونٹ کی کارگردگی سے متعلق اعدادوشمارجاری کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اب تک اس نظام کے ذریعے 5لاکھ 39 ہزار شکایات کا اندراج ہواہے، ان میں سے 3لاکھ 82 ہزارشکایات کا ازالہ کیا گیا، جو کل درج شکایات کا 69 فیصد بنتا ہے، 39 ہزار97 شکایات کا 20 دنوں کے اندر ازالہ کیا گیا، 70 ہزار886 شکایات ایسی ہیں جو 20 دن سے زیادہ اور40 دن سے کم والی کیٹیگری میں ہیں یعنی ان پرکام ہورہاہے۔

41 ہزار258 شکایات بلیک کیٹیگری میں ہیں، جو بھی شکایت 40 دن سے زیادہ وقت لیتی ہے اس میں وزیراعظم آفس کی مداخلت شروع ہوجاتی ہے اورشکایت کے ازالہ کیلئے تحقیق اور بازپرس کا نظام فعال ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم پرفارمنس ڈیلیوری یونٹ، اس کے زیراستعمال سافٹ وئیر اورکارگردگی کے بارے میں عوامی ردعمل حوصلہ افزاء ہے،ردعمل دینے والے 1 لاکھ65ہزار 843 میں سے 90 ہزار538 شکایت کنندگان نے یونٹ، اس کے زیراستعمال سافٹ وئیر اورکارگردگی کے بارے میں اپنے اطمینان کااظہارکیا تھا جس کی شرح 55 فیصد ہے، جن جواب کنندگان نے عدم اطمینان کا اظہارکیا ہے اس میں کئی وجوہات ہیں، بہت ساری شکایات عدالتوں میں درج مقدمات سے متعلق ہوتی ہیں ۔

اسی طرح لوگ ذاتی خاندانی جھگڑوں سے متعلق شکایات درج کراتے ہیں جنہیں یونٹ میں زیر غور نہیں لایا جاتا۔ ایک سوال پرانہوں نے کہاکہ اب تک 8 لاکھ 42 ہزارشہریوں نے یونٹ کا زیراستعمال سافٹ وئیر انسٹال کیا ہے، ان میں 7 لاکھ 61 ہزارپاکستانی شہری، 77ہزار بیرون ممالک مقیم پاکستانی اور3 ہزار غیرملکی شامل ہیں ۔ یونٹ کی کارگردگی بارے وزیراعظم کے سیکرٹری کو باقاعدہ بنیادوں پربریفنگ دی جاتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ کئی بارکسی ایک شکایت کے جواب میں متعلقہ ادارے یا محکمے کی کارروائی سے شکایت کنندہ کے علاوہ سینکڑوں دیگر شہریوں کو فائدہ پہنچا ہے، ایک شکایت پر 29 ہزارطلباء وطالبات کو 941 ملین روپے مالیت کے مشاہیرے جاری ہوئے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات