نیوزی لینڈ فٹبال ٹیم کے گول کیپر بھی کرائسٹ چرچ حملے میں شہید

عطا الیان کیوی فٹبال ٹیم کے گول کیپر تھے اور حملے کے وقت مسجد میں موجود تھے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ پیر 18 مارچ 2019 21:36

نیوزی لینڈ فٹبال ٹیم کے گول کیپر بھی کرائسٹ چرچ حملے میں شہید
ولنگٹن(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مارچ 2019ء) نیوزی لینڈ فٹبال ایسوسی ایشن نے بتایا ہے کہ کیوی فٹبال ٹیم کے گول کیپر عطا الیان مسجد النور میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ میں شہید ہو گئے۔ عطا الیان نیوزی لینڈ کی قومی فٹبال ٹیم کے کھلاڑی تھے،انہوں نے19انٹرنیشنل میچز کھیلے تھے جبکہ سال2014مین انہیں ٹیم کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز بھی ملا تھا۔

اسکے علاوہ وہ ایک مقامی سکول میں فٹبال کے کوچ بھی تھے۔ عطا الیان کا تعلق فلسطین سے تھا لیکن فلسطین کے حالات کی وجہ سے انکے والدین ہجرت کر کے کویت آگئے جہاں عطا الیان پیدا ہوئے، بعد ازاں وہ نیوزی لینڈ منتقل ہو گئے جہاں وہ فٹبال ٹیم کے گول کیپر ہونے کے ساتھ ساتھ ایک سافٹ وئیر کمپنی بھی چلا رہے تھے اور مین لینڈ کلب سے بھی منسلک تھے۔

(جاری ہے)

نیوزی لینڈ کی فٹبال ایسوسی ایشن نے انکی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا۔ 
فٹبالر کے ساتھی انکی شہادت کے مقام پر پھول چڑھاتے ہوئے زاروقطار روتے رہے۔
ساتھی فٹبالر کی شہادت پر کھلاڑی پھول چڑھا رہے ہیں
ساتھی فٹبالر کی شہادت پر کھلاڑی پھول چڑھا رہے ہیں
شہید فٹبالر نے پسماندگان میں بیوہ اور ایک ننھی بچی چھوڑی ہے۔

یاد رہے کہ جمعہ کے روز کرائسٹ چرچ کی مسجد میں ایک سفید فام دہشت گرد نے فائرنگ کر کے 50مسلمانوں کو شہید کر دیا تھا، مجرم مسلمانوں سے شدید نفرت کرتا ہے اور اس نے اسی نفرت میں مسلمانوں کا قتلِ عام کیا۔ اس وحشیانہ قتلِ عام میں بہت سے خاندان اجڑ گئے، شہید ہونے والوں میں 9پاکستانی بھی شامل ہیں۔ پوری دنیا نے اس واقعہ کی مذمت کی ہے اور نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے اس  سانحے کو دہشت گردی قرار دیا ہے۔