Live Updates

احتساب کے پیچھے عمران خان ہے، اسٹیبلشمنٹ کا زرداری کو پیغام

آصف علی زرداری کو بتایا گیا ہے کہ جو کچھ ہو رہا ہے یہ وزیراعظم کروا رہے ہیں، نجم سیٹھی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ پیر 18 مارچ 2019 22:00

احتساب کے پیچھے عمران خان ہے، اسٹیبلشمنٹ کا زرداری کو پیغام
کراچی(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مارچ 2019ء) معروف تجزیہ نگار نجم سیٹھی نے انکشاف کیا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نے آصف علی زرداری کو پیغام بھیجا ہے کہ احتساب ہم نہیں کروا رہے بلکہ اس کے پیچھے وزیر اعظم عمران خان خود ہیں۔ نجم سیٹھی نے نجی ٹی وی پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ آصف علی زرداری کی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ڈیل ہوئی تھی کہ نواز شریف کو جو بھی کہا جائے زرداری صاحب سے سوال نہیں کیا جائے گا لیکن اب آصف علی زرداری پریشان ہیں کہ ان کا بھی احتساب کیا جارہا ہے اور انہوں نے اسٹیبلشمنٹ کو پیغام بھی بھیجا تھا کہ یہ سب کیا ہو رہا ہے جس پر اسٹیبلشمنٹ نے انہیں بتایا ہے کہ احتساب میں انکا کوئی ہاتھ نہیں ہے بلکہ سب کچھ عمران خان کروا رہے ہیں، اسٹیبلشمنٹ کے زرداری کو بتایا ہے کہ عمران خان کہہ رہے ہیں کہ نواز شریف اور آصف زرداری کو نہیں چھوڑنا۔

(جاری ہے)

نجم سیٹھی نے یہ بھی بتایا کہ شہباز شریف کی ضمانت پر بھی عمران خان بہت برہم ہوئے تھے، انکا خیال تھا کہ اسٹیبلشمنٹ نے شہباز شریف کی رہائی میں کردارادا کیا ہے اور اسی لیے عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ کو دھمکی بھی دی تھی کہ اگر ایسے معاملات چلے تو میں عہدہ چھوڑ دیں گے جس پر انہیں یقین دلوایا گیا ہے کہ ایسا کچھ نہیں ہے کیونکہ اسٹیبلشمنٹ نہیں چاہتی کی عمران خان جائیں ورنہ دوبارہ نواز شریف یا زرداری اقتدار میں آ جائیں گے جو کہ انہیں منظور نہیں۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور زرداری کا احتساب عمران خان کروا رہے ہیں کیونکہ وہ ان دونوں کو چھوڑنے کے حق میں نہیں ہیں اور اسٹیبلشمنٹ نے زرداری کو پیغام دیا ہے کہ احتساب کے پیچھے ہمارا ہاتھ نہیں ہے۔ یاد رہے کہ نواز شریف احتساب عدالت سے ملنے والی سزا کے نتیجے میں جیل کاٹ رہے ہیں اور اب زرداری اور انکی ہمشیرہ فریال تالپور کے خلاف بھی گھیرا تنگ ہوتا جارہا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات