ثقافت اور اطلاعات کے شعبوں میں ان تعلقات کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں،وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین

منگل 19 مارچ 2019 00:03

ثقافت اور اطلاعات کے شعبوں میں ان تعلقات کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مارچ2019ء) وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین سے بیلا روس نیوز ایجنسی بیلٹا کی ڈائریکٹر جنرل ارینا اکولوویچ اور بیلا روس کے سفیر انڈری ارمولوویچ نے ملاقات کی ۔اس موقع پر وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے کہا کہ اطلاعات اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے سے قوموں کے مابین تعلقات مزید مضبوط ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کے آپس میں دوستانہ تعلقات قائم ہیں،ثقافت اور اطلاعات کے شعبوں میں ان تعلقات کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔وزیر اطلاعات نے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی طائفوں کے تبادلوں کی ضرورت پر زوردیا ۔انہوں نے کہا کہ فنکاروں، گلوکارں، موسیقی کاروں، ڈانسرز اورآرٹسٹوں کے تبادلوں سے دونوں ملکوں کی ثقافت اور اقدار کو سمجھنے میں مدد ملے گی اور وفود کے تبادلوں سے عوامی روابط بھی مزید مستحکم ہوں گے۔

(جاری ہے)

بیلا روس نیوز ایجنسی بیلٹا کی ڈائریکٹر جنرل ارینا اکولوویچ نے وزیر اطلاعات کا پاکستان بیلاروس کے تعلقات پر مبنی 25سالہ سفارتی دوستی کی تصویری نمائش میں شرکت کی یقین دہانی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ تصویری نمائش کے ذریعے بیلاروس کے کلچر، کامیابیاں اور لوگوں کو سمجھنے میں مزید مدد ملے گی۔ بیلا روس کے سفیر انڈری ارمولوویچ کہا کہ بیلاروس کے صدر، پاکستان کے ساتھ سفارتی تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بیلاروس کے صدر دو طرفہ تعلقات کو دونوں ملکوں کی عوام کی بہتری کے لئے مزید مضبوط کرنے کے خواہاں ہیں۔وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان سیاحت کے لیے پر امن اور خوبصورت ملک ہے،بیلاروس کے سیاح پاکستان کے خوبصورت شمالی علاقہ جات سے لطف اندوز ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک جدید جمہوری ریاست ہے جہاں سول سوسائٹی متحرک اور میڈیا کو بے مثال آزادی حاصل ہے۔