Live Updates

سابق وزیراعلٰی شہباز شریف کے لیے ایک اور مصیبت کھڑی ہو گئی

نیب نے شہباز شریف کے خلاف ایک اور انکوائری کھول دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 19 مارچ 2019 11:03

سابق وزیراعلٰی شہباز شریف کے لیے ایک اور مصیبت کھڑی ہو گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 مارچ 2019ء) : سابق وزیراعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کے لیے ایک اور مشکل کھڑی ہو گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیب نے شہباز شریف کے خلاف ایک اور انکوائری کھول لی ہے۔ قومی احتساب بیورو کے ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے خلاف وزیراعظم کا جہاز استعمال کرنے کی شکایت کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔

بطور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف پر وزیر اعظم کا جہاز استعمال کرنے کا الزام عائد ہے جب کہ تحقیقات کے لیے نیب راولپنڈی کی مشترکہ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ نیب راولپنڈی کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے وزیر اعظم ہاؤس سے جہاز کے استعمال سے متعلق ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔ جس کے لیے نیب نے وزیر اعظم کے سیکرٹری اعظم خان کو خط بھی ارسال کر دیا۔

(جاری ہے)

نیب نے وزیر اعظم کے سیکرٹری اعظم خان کو لکھے گئے خط میں سال 2014ء سے سال 2018ء تک وزیر اعظم کے جہاز کے استعمال کا ریکارڈ طلب کیا۔ یاد رہے کی سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف پر لیپ ٹاپ اسکیم میں بھی کروڑوں روپے کے خرد برد کا الزام لگایا گیا تھا تاہم تحقیقات کے بعد انہیں کلین چٹ دے دی گئی ہے۔ کوئی ثبوت نہ ملنے پر شہباز شریف پر عائد کیے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا گیا۔

12 مارچ کو پنجاب اسمبلی میں جمع کروائی گئی رپورٹ میں اعتراف کیا گیا کہ لیپ ٹاپ اسکیم میں کسی سیاستدان یا بیوروکریٹ کی بدعنوانی سامنے نہیں آئی۔ لیپ ٹاپس کی تقسیم پنجاب پروکیورمنٹ رولز 2014ء کے تحت کی گئی جس میں سب سے کم بولی دینے والی فرم کومنتخب کیا گیا۔ محکمہ ہائر ایجوکیشن رپورٹ میں اعتراف کیا گیا کہ ہزاروں لیپ ٹاپ غائب ہونے کا الزام درست نہیں۔ نیب لاہور نے مارچ 2018ء میں تحقیقات کا آغاز کیا تھا لیکن اسے تاحال کسی ایک فرد کی بدعنوانی کا ثبوت بھی نہیں ملا۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات