سانحہ کرائسٹ چرچ مساجد، قرآن پاک کی تلاوت سے نیوزی لینڈ پارلیمنٹ اجلاس کا آغاز کیا گیا

وزیراعظم جیسنڈا نے اجلاس میں اسلام علیکم کہا اور دوسروں کی جان بچاتے ہوئے شہید ہونے والے پاکستانی شہری نعیم راشد کو خراج تحسین پیش کیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 19 مارچ 2019 11:13

سانحہ کرائسٹ چرچ مساجد، قرآن پاک کی تلاوت سے نیوزی لینڈ پارلیمنٹ اجلاس ..
نیوزی لینڈ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 مارچ 2019ء) : سانحہ کرائسٹ چرچ مساجد کے بعد آج نیوزی لینڈ میں پارلیمنٹ کا اجلاس قرآن پاک کی تلاوت سے شروع کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ میں آج پارلیمنٹ کے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔ وزیراعظم جیسنڈا نے اجلاس میں اپنی تقریر کے آغاز پر شرکا کو اسلام علیکم کہا اور اجلاس میں دوسروں کی جان بچاتے ہوئے شہید ہونے والے بہادر پاکستانی شہری نعیم راشد کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نیوزی لینڈ جسینڈا نے کہا کہ میں یہاں دہشت گردی کرنے والے کا نام لینا بھی پسند نہیں کروں گی اور آپ لوگ کبھی مجھ سے اس کا نام بھی نہیں سنیں گے۔ وہ ایک دہشت گرد ہے، ایک مجرم ہے اور وہ ایک انتہا پسند ہے لیکن وہ بے نام ونشان رہے گا۔

(جاری ہے)

ہمیں ان لوگوں کا نام لینا چاہئیے جنہوں نے اپنی جان گنوا دی بجائے اس کے کہ اس کا نام لیا جائے جس نے جان لی۔

ہم نیوزی لینڈ میں اسے کچھ بھی نہیں دیں گے ، یہاں تک کہ نام بھی نہیں۔ نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران دوسروں کی جان بچاتے ہوئے شہید ہونے والے بہادر پاکستانی شہری نعیم راشد کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ وزیراعظم نیوزی لینڈ جسینڈا نے کہا کہ نعیم راشد جن کا تعلق پاکستان سے ہے۔جو مساجد پر اندھا دھند فائرنگ کرنے والے حملہ آور سے بندوق چھیننے کے دوران میں شہید ہو گئے ۔

وزیراعظم نے کہا کہ نعیم راشد نے مسجد کے اندر عبادت کرنے والے لوگوں کی جان بچانے کے لیے اپنی جان گنوا دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مساجد پر حملوں میں مرنے والوں کا تعلق اس مذہب سے تھا جو کشادہ دل کے ساتھ سب کا استقبال کرتے ہیں۔ یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دو مساجد پر 15 مارچ کو جمعہ کے روز ایک سفید فام انتہا پسند نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 50 افراد شہید جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے تھے۔ شہید ہونے والوں میں 9 پاکستانی شہری بھی شامل ہیں۔