نیوزی لینڈ کرائسٹ چرچ مساجد پر حملے میں شہید افراد میں لاہور کا رہائشی بھی شامل

سہیل کا تعلق لاہور کے علاقہ باغبانپورہ سے تھا، نیوزی لینڈ میں مقیم تھا ،اہل خانہ میت کے منتظر

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 19 مارچ 2019 11:29

نیوزی لینڈ کرائسٹ چرچ مساجد پر حملے میں شہید افراد میں لاہور کا رہائشی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 مارچ 2019ء) : سانحہ کرائسٹ چرچ میں شہید ہونے والے پاکستانیوں میں سے ایک شہری کا تعلق لاہور سے بھی تھا۔ تفصیلات کے مطابق شہید سہیل لاہور کے علاقہ باغبانپورہ کا رہائشی تھا۔ سہیل کی شہادت کی خبر موصول ہوتے ہی علاقہ میں فضا سوگوار ہے۔ شہید سہیل کے بھائی کا کہنا تھا کہ میرے بھائی گذشتہ دو سال سے نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مقیم تھے۔

پہلے وہ آکلینڈ کے شہر میں تھے جس کے بعد وہ کرائسٹ چرچ منتقل ہو گئے۔ ہمیں صبح آٹھ بجے اطلاع موصول ہوئی کہ کرائسٹ چرچ کی مسجد میں یہ واقعہ پیش آیا۔ ہم نے بھائی سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن انہوں نے کال ریسیو نہیں کی جس پر ہم کافی پریشانی میں مبتلا ہو گئے۔ ہم نے ٹی وی آن کیا جہاں ھملے کی تفصیلات سے آگاہ کیا جا رہا تھا۔

(جاری ہے)

ہم نے اپنے بھائی کو وائبر، واٹس ایپ اور ہر جگہ فون کرنے کی کوشش کی لیکن انہوں نے کہیں فون نہیں اٹھایا۔

شہید سہیل کے بھائی نے بتایا کہ ہم پانچ بھائی ہیں اور میں سب سے چھوٹا ہوں۔ ایک بڑے بھائی امریکہ اور ایک آسٹریلیا میں ہیں۔ ایک بھائی یہاں پاکستان میں نوکری کر رہے ہیں۔ سہیل بھائی چوتھے نمبر پر تھے۔ والد کی ہارٹ اٹیک سے 2009ء میں انتقال ہو گیا۔ والدہ بھی مریض ہیں، ہم نے بھائی کی شہادت کا انہیں اگلے دن بتایا تھا۔ سہیل کے بھائی نے بتایاکہ کل دفتر خارجہ سے ایک شخص آئے تھے انہوں نے ہمارے ساتھ کافی تعاون کیا اور ہمیں بتایا کہ میت پاکستان لانے کے لیے وہ نیوزی لینڈ کے سفارتخانے سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

ہمیں اُمید ہے کہ جمعہ تک سہیل بھائی کا جسد خاکی پاکستان تک پہنچ جائیں گے۔ سہیل بھائی نے میری بھابھی کو کال کی تھی اور انہیں بتایا تھا کہ میں کھانا کھانے گھر آ رہا ہوں ، راستے میں جمعہ پڑھوں گا، جمعہ پڑھ کر گھر آؤں گا پھر ساتھ کھانا کھائیں گے۔ آخری بات اُن کی بھابھی سے ہوئی تھی۔ سہیل بھائی کی دو بیٹیاں ہیں۔ ان کی بیٹیاں اور اہلیہ نیوزی لینڈ میں ہی ہیں۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مساجد پر دہشتگرد حملے کے نتیجے میں 50 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہوئے تھے۔ حملے میں شہید ہونے والے 50 افراد میں 9 پاکستانی شہری بھی شامل تھے جن کی شہادت کی تصدیق بھی ہو گئی۔ اس سانحہ میں شہید ہونے والے پاکستانی شہریوں میں سہیل شاہد، سید جہانداد علی، سید اریب احمد، محبوب ہارون ،نعیم رشید اور ان کے بیٹے طلحہٰ، ذیشان رضا، ان کے والد غلام حسین اور والدہ کرم بی بی شامل ہیں۔