ملک بھر میں یوم پاکستان 23مارچ کو روایتی جوش و جذبہ اور شایان شان طریقے کے ساتھ منایا جائیگا

منگل 19 مارچ 2019 12:31

ملک بھر میں یوم پاکستان 23مارچ کو روایتی جوش و جذبہ اور شایان شان طریقے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2019ء) ملک بھر میںیوم پاکستان 23مارچ کو روایتی جوش و جذبہ اور شایان شان طریقے کے ساتھ منایا جائے گا اس موقع پر جہانیاں سمیت ملک بھر میں مختلف تقریبات منعقد کی جائیں گی تمام سرکاری و نجی عمارتوں پر قومی پرچم لہرائے جائیں گے ۔اسلام آباد میں مسلح افواج کی شاندار پریڈ ہو گی جس میں پاکستان کی بری،بحری اور فضائی افواج کے دستے حصہ لیں گے ،جنگی جہازوں کے فضائی مظاہرے پیش کیے جائیں گے جبکہ بیرون ممالک میں تمام سفارت خانوں میں بھی قومی پرچم لہرانے کی تقاریب منعقد ہوں گی۔

23مارچ کو نماز فجرکے بعد ملک و ملت کی سلامتی اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی اس دن کے حوالے سے اخبارات خصوصی ایڈیشن شائع کریں گے جبکہ ریڈیو پاکستان ،پی ٹی وی اور نجی ٹی وی چینلز سے بھی خصوصی دستاویزی پروگرام نشر کیے جائیں گے جس میںیوم پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

سکولوں کالجوں اور دیگر اداروں میںسکائوٹس اور گرلز گائیڈز کی جانب سے خصوصی ریلیاں نکالی جائیں گی۔

یوم پاکستان کی مناسبت سے گرلز کالج جہانیاں میں بھی خصوصی تقریب منعقد ہو گی۔جہانیاں سمیت ملک بھر میںسیاسی و سماجی،ثقافتی ،ادبی اور دیگر تنظیموںکی جانب سے یوم پاکستان بھرپور انداز سے منانے کیلئے تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا کراچی میں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح ؒ اور لاہور میں شاعر مشرق سر علامہ اقبال ؒ کے مزاروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی جائیں گی اور حکومتی شخصیات حاضری دیں گی۔