سعودی عرب: ریلوے لائن کے قریب گاڑی کھڑی کرنے پر بھاری جُرمانہ ہو گا

ریلوے ٹریک پر ممنوعہ وقت اور جگہ پر سے ٹریک عبور کرنے پر بھی جرمانہ ہو گا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 19 مارچ 2019 11:59

سعودی عرب: ریلوے لائن کے قریب گاڑی کھڑی کرنے پر بھاری جُرمانہ ہو گا
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ 2019ء) سعودی مملکت میں جو لوگ اپنی گاڑیاں اکثر ریلوے ٹریک کے قریب کھڑی کر دیتے ہیں، اب اُن کی خیر نہیں ہے۔ سعودی ریلوے کمپنی سار کی جانب سے اعلان کیا گیا ہی کہ ریلوے لائن کے قریب گاڑی پارک کرنا ٹریفک قانون کی خلاف ورزی اور سنگین جُرم ہے۔ اس جُرم کے ارتکاب پر دو ہزار ریال کا جرمانہ ادا کرنا ہو گا۔ اس کے علاوہ ریلوے ٹریک کو ممنوعہ مقام سے عبور کرنے یا غلط وقت پر اس پر سے گاڑی عبور کرنے والے کو بھی دو ہزار جرمانہ بھُگتنا ہو گا۔

سار کی جانب سے اس حوالے سے محکمہ ٹریفک اور پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ساتھ ایک سمجھوتہ کر لیا ہے۔ ادارے کے ایک سینئر عہدے دار نے بتایا کہ ماضی میں ریلوے کمپنی کی جانب سے صرف خلاف ورزیوں کی اطلاع دی جاتی تھی، جرمانہ نہیں کیا جاتا تھا، تاہم ریلوے ٹریک کو محفوظ تر بنانے کے لیے اب دو ہزار ریال تک کا جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے جبکہ سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی صورت میں دو برس قید اور ایک لاکھ ریال تک کا جرمانہ یا دونوں میں سے ایک سزا بھی دی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

دُوسری جانب محکمہ ٹریفک کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اگر کوئی ڈرائیور ٹریفک سگنل کی بتی سْرخ ہونے کی صورت میں گاڑی زیبرا کراسنگ پر کھڑی کرتا ہے تو اْس پر جرمانہ عائد ہو جائے گا۔ یہ وضاحت ایک شہری کی جانب سے آن لائن پوچھے گئے سوال کے جواب میں کی گئی ہے۔ شہری نے سوال کیا تھا کہ اگر سگنل کی بتی سْرخ ہو اور گاڑی کا پہیہ زیبرا کراسنگ پر آ جائے، مگر ڈرائیور گاڑی فوراً ریورس کر لے تو کیا پھر بھی اسے ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی شمار کیا جائے گا، اس کے جواب میں محکمے کی جانب سے بتایا گیا کہ چاہے گاڑی ریورس بھی کر لی جائے لیکن اگر ایک دفعہ خلاف ورزی ہو گئی تو پھر اس پر جرمانے کی ادائیگی کرنا لازمی ہو گی۔

اسی طرح ایک اور سوال کے جواب میں محکمہ ٹریفک کی جانب سے انتباہ کیا گیا ہے کہ ڈرائیور حضرات اپنے سے آگے جاتی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔کیونکہ مناسب فاصلے کی صورت میں اگر اگلی گاڑی والوں کو ایمرجنسی طور پر بریک لگانی بھی پڑ جائے تو پیچھے آتی گاڑی کا اس سے تصادم نہیں ہو پاتا۔ اگر کوئی ڈرائیور اس ٹریفک ضابطے کی پابندی نہیں کرتا تو اسے جرمانے کا سامنا کرنا ہو گا۔ یہ جرمانہ 300 سے 500ریال تک کے درمیان ہوگا۔ اسی طرح اگر کسی شخص نے اپنی گاڑی کے ڈھانچے میں بِلااجازت کوئی تبدیلی کرائی تو اْس کی گاڑی کو محکمہ ٹریفک کی جانب سے مخصوص عرصہ کے لیے ضبط کر لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ مقررہ حدِ رفتار سے 25 کلو میٹر زیادہ تیز گاڑی چلانے پر بھی جرمانہ ہو گا۔