بھارتی کرکٹ بورڈ نے نیشنل اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے

مستقبل میں آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی پر فی میچ 3.50 لاکھ ڈالرز لینے کی شنید سنا دی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 19 مارچ 2019 12:04

بھارتی کرکٹ بورڈ نے نیشنل اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے
ممبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار19مارچ ۔2019ء) بھارتی کرکٹ بورڈ(بی سی سی آئی ) نے بالآخر اینٹی ڈوپنگ ایجنسی تنازع پر گھٹنے ٹیک دیے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیئرمین ششانک منوہر اور بی سی سی آئی کے اعلیٰ حکام و کمیٹی آف ایڈمنسٹریٹرز کے نمائندوں کے درمیان مختلف معاملات پر بات ہوئی جس میں مقامی ڈوپنگ ایجنسی کے ساتھ کام کرنے اور آئی سی سی ایونٹس کو ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دینے کے معاملے پر بات ہوئی جس میں بی سی سی آئی اس بات پر راضی ہوگیا ہے کہ وہ اگلے 6 ماہ تک نیشنل اینٹی ڈوپنگ ایجنسی (ناڈا)کے ساتھ کام کریں گے تاہم اس کے ساتھ شرط رکھی ہے کہ کھلاڑیوں کے یورین سیمپل خود ان کا اپنا نمائندہ جمع کریگا کیونکہ وہ اس سلسلے میں نیشنل اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کے آفیشلز پر بھروسہ نہیں کرسکتے جبکہ مقامی لیبارٹری سے صرف 10 فیصد سیمپلز کی چیکنگ کرائی جائے گی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ عالمی اینٹی ڈوپنگ ایجنسی واڈا نے انٹرنیشنل کونسل کو خبردار کیا تھا کہ اگر بھارتی بورڈ اپنی مقامی ایجنسی کے ساتھ کام نہیں کرتا تو وہ آئی سی سی کو اینٹی ڈوپنگ قوانین کا نافرمان قرار دے دیں گے۔دوسری جانب بی سی سی آئی حکام کی جانب سے ششانک منوہرکویقین دہانی کرائی گئی کہ انتخابات کے بعد نئی حکومت سے ٹیکس استثنیٰ پر بات کی جائے گی جبکہ مستقبل کے ایونٹس میں ٹیکس کی رقم خود ادا کرنے کے معاملے پر بی سی سی آئی کے ایک آفیشل کا کہنا تھا کہ ہم نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل پر واضح کردیا ہے کہ ایسی صورت میں ہم یہاں پر منعقد ہونےوالے ایونٹس میں فی میچ 3 لاکھ 50 ہزار ڈالر میزبانی فیس چارج کریں گے۔