نیوزی لینڈ کی تاریخ کی بدترین دہشتگردی کی وجہ اسلامو فوبیا ہے،کینیڈین وزیراعظم

نفرت انگیزی سے لڑنے والوں کو حکمرانوں کی حمایت حاصل نہیں ، نیوزی لینڈ میں جانی نقصان کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ،گفتگو

منگل 19 مارچ 2019 12:50

اوٹاوا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2019ء) کینیڈین وزیر اعظم جسٹس ٹروڈو نے نیوزی لینڈ میں دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ اس قسم کے واقعات کی بڑھتی ہوئی وجہ اسلامو فوبیا ہے۔ نفرت انگیزی سے لڑنے والوں کو حکمرانوں کی حمایت حاصل نہیں جبکہ نیوزی لینڈ میں جانی نقصان کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ہے،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کینیڈین پارلیمنٹ میں پالیسی بیان دیتے ہوئے ٹروڈو نے مسلم کمیونٹی سے تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے غم میں شریک ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے عالمی رہنمائوں سے نفرت انگیزی کے خلاف مل کر کوششوں کا مطالبہ کیا اور کہا کہ نفرت انگیزی سے لڑنے والوں کو حکمرانوں کی حمایت حاصل نہیں جبکہ نیوزی لینڈ میں جانی نقصان کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ہے۔جسٹس ٹروڈو نے مزید کہا کہ نیوزی لینڈ کی تاریخ کی بدترین دہشت گردی کی وجہ اسلامو فوبیا ہے، ہم آج سے نفرت کے خلاف قدم اٹھا سکتے ہیں یہ بتانے کے لیے اب بہت ہوچکا ہے، آج کے بعد منافرت پھیلانے اور تشدد پر اکسانے والے بچ نہیں پائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ نفرت کے خلاف مسلمان، مسیحی، یہودی، گورے، کالے سب کو مل کر لڑنا ہوگا۔