Live Updates

بلاول بھٹو کا الیکشن میں کالعدم تنظیموں کی مدد لینے والے وزرا کو کابینہ سے الگ کرنے کا مطالبہ

ملک دشمن قرار دیا جارہا ہے‘قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں‘ایسے ہتھکنڈے ہمیں اصولی موقف سے نہیں ہٹا سکتے. چیئرمین پیپلزپارٹی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 19 مارچ 2019 13:05

بلاول بھٹو کا الیکشن میں کالعدم تنظیموں کی مدد لینے والے وزرا کو کابینہ ..
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔19 مارچ۔2019ء) پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو نے الیکشن میں کالعدم تنظیموں کی سپورٹ لینے والے وزرا کو کابینہ سے الگ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ایسے گروپوں سے حکومت کودوری اختیارکرنی چاہیئے، این ایس سی پارلیمنٹری کمیٹی بناکرگروپوں کیخلاف کارروائی کریں. تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کالعدم تنظیموں کی الیکشن میں سپورٹ لینے والے وزرا کو وفاقی کابینہ سے الگ کرنے کا مطالبہ کردیا ہے.

بلاول بھٹو نے کہا کہ انتہاپسندی،کالعدم تنظیموں کی ماضی کی طرح سپورٹ نہیں کرنی چاہیے، ایسے گروپوں سے حکومت کودوری اختیارکرنی چاہیے.

(جاری ہے)

پی پی چیئرمین نے کہا ایسے وزرا کو نکالنے کے مطالبے پر مجھے اینٹی اسٹیٹ قراردےدیا، موت کی دھمکیاں اورنیب نوٹسزدئیے گئے، یہ سب کچھ ہمیں اصولی موقف سے نہیں ہٹا سکتے، این ایس سی پارلیمنٹری کمیٹی بناکرگروپوں کیخلاف کارروائی کریں.

یاد رہے چند روز قبل بھی بلاول بھٹو نے مطالبہ کیا تھا کہ وفاقی حکومت 3 وزرا کو کالعدم تنظیموں سے گٹھ جوڑ پر ہٹائے، افسوس ہمارے وزیر اعظم کالعدم تنظیموں اور مودی کے خلاف کچھ نہیں کر سکتے، وہ صرف اپوزیشن کے خلاف ایکشن لے سکتے ہیں. دوسری جانب وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے الیکشن میں کالعدم تنظیموں کی حمایت کا الزام مسترد کردیا ہے . اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسد عمر نے اپوزیشن راہنما بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے الیکشن میں کالعدم تنظیموں کی حمایت لینے کا الزام مسترد کردیا.

اسد عمر نے کہا کہ جن تنظیموں نے الیکشن میں میری حمایت کی وہ خود دہشت گردی کا شکار رہی ہیں، ملک میں بہت عرصے تک یہ بہانے بازی ہوچکی کہ خود حکومت کے مزے کرو اور خرابی فوج پر ڈال دو کہ وہ نہیں مان رہی. وزیر خزانہ نے کہا کہ ہمیں معیشت کو زیادہ سے زیادہ کھلی اور شفاف بنانا ہوگا، ہم جتنا پارلیمنٹ اور احتساب اداروں کو مضبوط کریں گے اتنا ہی ہمارے لئے کافی ہے‘ انہوں نے مزید کہا کہ ایف بی آر میں اصلاحات پر کافی کام ہو چکا ہے اور ہو بھی رہا ہے. واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تین وزرا پر کالعدم جماعتوں کے حامی ہونے کا الزام لگاتے ہوئے تحریک انصاف حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کالعدم جماعتوں کے حامی وزرا کو پارٹی سے نکالا جائے.
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات