ایم کیو ایم پاکستان کا35واں یوم تاسیس میرپورخاص میں شایان شان طریقے سے منایا گیا

اہم شاہراہوں، سڑکوں ، چوراہوں اور بلند عمارتوں کو برقی قمقموں ، قدآدم پینا فلیکس اور پارٹی پرچموں سے سجایا گیا کارکنان و حق پرست عوام کا جوش و خروش دیدنی تھا۔ پارٹی نغموں کی دھنوں پر دیوانہ وار رقص

منگل 19 مارچ 2019 13:44

ایم کیو ایم پاکستان کا35واں یوم تاسیس میرپورخاص میں شایان شان طریقے ..
میرپورخاص(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2019ء) ایم کیو ایم پاکستان کا 35واں یوم تاسیس ملک بھر کی طرح میرپورخاص میں بھی روایتی جوش و خروش سے منایا گیا اس سلسلے میں شہر کی اہم شاہراہوں، سڑکوں، چوراہوں اور بلند عمارتوں کو برقی قمقموں، قد آدم پینافلیکس اور پارٹی پرچموں سے نہایت خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ اس موقع پر نوجوانوں، بزرگوں، خواتین اور بچوں کا جوش و خروش دیدنی تھا۔

خواتین اور بچے پارٹی پرچم کے رنگوں پر مشتمل لباس زیب تن کئے ہوئے تھے جبکہ سڑکوں اور گلیوں میں ریلی کی شکل میں گشت کرتے نوجوان پارٹی نغموں کی دھنوں پر دیوانہ وار رقص کرکے ایم کیو ایم پاکستان سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کرتے رہے۔اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان میرپورخاص ڈسٹرکٹ کے تحت بلدیہ کمپلیکس میں جنرل ورکرز کا انعقاد ہوا جس میں رکن رابطہ کمیٹی ڈاکٹر ظفر کمالی، رکن ایس ٹی سی شبیر انصاری، اراکین ڈسٹرکٹ کمیٹی، تمام یونٹس کے ذمہ داران و کارکنان، اے پی ایم ایس او، لیبر ڈویژن، لیگل ایڈ کمیٹی، میڈیکل ایڈ کمیٹی، ایلڈرز ونگ اور شعبہ خواتین سمیت دیگر تمام شعبہ جات کے ذمہ داران و کارکنان اور حق پرست کونسلرزنے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر کمالی ، شبیر انصاری اور محمد عثمان راجپوت نے کہا کہ کارکنان و حق پرست عوام کے بے مثال اتحاد کی بدولت 35واں یوم تاسیس منایا جارہا ہے۔ یہ تحریک شہداء ، اسیروں اور لاپتہ کارکنان کی امانت ہے۔مہاجر قوم اور ان کی واحد نمائندہ جماعت ایم کیوایم پاکستان کو ہر دور میں تختہ مشق بنا کر مسلسل اذیت و تکالیف کا شکار رکھا گیا۔

ظلم و نا انصافیوں کا سلسلہ اب بند ہونا چاہئے۔ 35ویں یوم تاسیس کے موقع پر کارکنان و حق پرست عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ کارکنان نظم و ضبط کی پابندی کریں اور اپنی صحت کا خیا ل رکھیں۔آفاق احمد خان اور عبدالسلیم خان نے کہا کہ کارکنان و حق پرست عوام نے اپنے بے مثال اتحاد سے سازشوں کو ناکام بنایا۔آج یہ تناور درخت خودرو اور گلے سڑے پتوں سے پاک ہوچکا ہے۔

فرعونی دعوے کرنے والوں کا آج کوئی نام لیوا نہیں۔بلند ہمت کارکنان و حق پرست عوام آج بھی نظریے پر قائم ہیں۔شہداء ،اسیر اور لاپتہ ساتھیوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔کارکنان جدید علوم حاصل کریںاورسوشل میڈیا ٹیم کا حصہ بنیں۔ انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ دشمنوں کا مقابلہ کرنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لیں اور تحریک کا پیغام موثر انداز سے پھیلانے کے لئے حکمت عملی ترتیب دیں۔اس موقع پر رکن ڈسٹرکٹ کمیٹی سلیم میمن نے بھی خطاب کیا۔