نیوزی لینڈ حملوں کا بدلہ لیا جائے گا،داعش کا اعلان

شام میں داعش تنظیم کا امریکی حمایت یافتہ ایس ڈی ایف سے بھی انتقام لینے پر زور

منگل 19 مارچ 2019 13:46

نیوزی لینڈ حملوں کا بدلہ لیا جائے گا،داعش کا اعلان
دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2019ء) داعش تنظیم نے شام کے شمالی اور مشرقی حصوں میں اپنے جنگجوؤں پر زور دیا ہے کہ وہ کردوں کے خلاف انتقامی کارروائی کریں جبکہ ساتھ ہی یہ بھی کہاگیا ہے کہ داعش جنگجونیوزی لینڈ حملے کا بھی بدلہ لیں گے۔ واضح رہے کہ کرد اور عرب جنگجوؤں پر مشتمل سیرین ڈیموکریٹک فورسز (ایس ڈی ایف) نے داعش کے ارکان کو الباغوز قصبے کے ایک محدود حصے میں محصور کیا ہوا ہے اور جلد ہی خلافت کے خاتمے کا اعلان کرنے والی ہے۔

(جاری ہے)

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق داعش تنظیم کے ترجمان ابو الحسن المہاجر نے سوشل میڈیا پر جاری ایک آڈیو ٹیپ میں شام کے صوبوں دیر الزور، الرقہ اور الحسکہ میں تنظیم کے ارکان سے اپیل کی کہ وہ اپنے بھائیوں کے خون کا انتقام لیں۔ ساتھ ہی زور دیا گیا کہ دھماکا خیز آلات، نشانچیوں اور گولہ بارود سے بھری گاڑیوں کو کام میں لائیں اور ایس ڈی ایف پر حملہ کریں۔داعش تنظیم کا یہ مطالبہ ایسے وقت میں سامنے آیا جب واشنگٹن کے زیر قیادت بین الاقوامی اتحاد کی حمایت یافتہ سیرین ڈیموکریٹک فورسز کے جنگجوؤں نے الباغوز قصبے کے ایک تنگ حصے میں داعش کے بچے کھچے عناصر کا محاصرہ کر رکھا ہے۔