تحریک فتح نے غزہ میں جماعت کے ترجمان پر تشدد کا ذمہ دار حماس کو قراردے دیا

منگل 19 مارچ 2019 13:46

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2019ء) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں نامعلوم افراد نے تحریک فتح کے ترجمان عاطف ابوسیف کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔عرب ٹی وی کے مطابق نامعلوم نقاب پوش افراد نے عاطف ابو سیف کو تشدد کا نشانہ بنا کر پھینک دیا، جس کے نتیجے میں انہیں سخت چوٹیں آئی ہیں۔

(جاری ہے)

ادھر فلسطینی صدر مشیر برائے نوجوانان مامون سویدان نے ایک بیان میں کہا کہ ابو سیف کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ان کی حالت خطرے میں ہے۔ ان کے سر اور جسم کے دوسرے حصوں پر گہری چوٹیں آئی ہیں۔ سویدان نے کہا کہ ابو سیف پر حملہ غزہ میں حکمراں حماس کی کارروائی ہے۔ حماس اس طرح کے اوچھے اور انتقامی حربوں کے ذریعے قومی مصالحتی کوششوں کو سبوتاڑ کررہی ہے۔