ایران کااپنی عدالت میں امریکا کے خلاف پابندیاں عاید کرنے پر مقدمہ چلانے کااعلان

ایران امریکی حکام کے خلاف قوم پر مشکلات مسلط کرنے کے الزام میں قانونی چارہ جوئی کرے گا،حسن روحانی

منگل 19 مارچ 2019 13:46

تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2019ء) ایرانی صدر حسن روحانی نے امریکا کی اپنے ملک کے خلاف عاید کردہ پابندیوں کو انسانیت مخالف جرائم قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ایران امریکی حکام کے خلاف قوم پر مشکلات مسلط کرنے کے الزام میں قانونی چارہ جوئی کرے گا اور اپنی عدالت میں مقدمہ چلائے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق حسن روحانی نے کہا کہ امریکا کی پابندیوں کے نتیجے میں ایرانی کرنسی ریال کی قدر میں کمی واقع ہوئی ہے اور افراط ِ زر کی شرح میں اضافہ ہوگیا ہے لیکن حکومت ان مشکلات پر قابو پا لے گی۔

انھوں نے کہا کہ انھوں نے وزیر خارجہ اور وزیر عدل کو ایران پر پابندیاں عاید کرنے کے ذمے دار امریکیوں کے خلاف مقدمات دائر کرنے کا حکم دیا ہے۔یہ پابندیاں انسانیت کے خلاف جرم ہیں۔

(جاری ہے)

صدر حسن روحانی نے کہا کہ اگر ایرانی عدالت نے امریکی حکام کے خلاف فیصلہ دیا تو پھر ایران عالمی عدالتِ انصاف میں یہ مقدمہ دائر کرے گا۔انھوں نے اپنی تقریر میں مزید کہا کہ امریکیوں کا ایک ہی مقصد ہے ،وہ ایران میں واپس آنا اور دوبارہ اس قوم پر حکمرانی کرنا چاہتے ہیں۔انھوں نے ایران کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ امریکا ان پابندیوں کے ذریعے حکومت کا دھڑن تختہ چاہتا ہے اور اس کی جگہ امریکی پالیسیوں سے ہم آہنگ حکومت لانا چاہتا ہے۔

متعلقہ عنوان :